پرینکا گاندھی کے ایودھیا مندر کا دورہ نہ کرنے پر تنقید : اسمرتی ایرانی

کولار ( کرناٹک ) 31 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) کانگریس لیڈر پرینکا گاندھی واڈرا پر طنز کرتے ہوئے مرکزی وزیر اسمرتی ایرانی نے آج کہا کہ جب سے نریندر مودی ملک کے چوکیدار بنے ہیں جو لوگ بیرونی ممالک کے دورے کرتے تھے اب وہ ماں گنگا کو یاد کر رہے ہیں۔ کانگریس لیڈر پرینکا گاندھی پر ایودھیا میں متنازعہ مقام پر بنے عارضی رام للا مندر کا دورہ نہ کرنے پر تنقید کرتے ہوئے اسمرتی ایرانی نے کہا کہ کانگریس قیادت میں یہ خوف ہے کہ اگر وہ مندر میں پرنام کرینگے تو ان کے ووٹ ان سے چھن جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ وہی لوگ ہیں جو عدالتوں میں حلفنامے دیتے ہیں۔ کانگریس نے عدالت میں حلفنامہ داخل کرتے ہوئے کہا تھا کہ رام کا کوئی وجود ہی نہیں ہے ۔ آج یہی ہوگ رام بھکتوں کی گلیوں کے چکر لگا رہے ہیں۔ انتخابی مہم کے دوران یہاں پارٹی کی ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جو لوگ بیرونی ممالک کے دورے کرتے تھے ‘ جس وقت سے نریندر مودی ملک کے چوکیدار بنے ہیں اس وقت سے ماں گنگا کو یاد کرنے لگے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حال ہی میں کانگریس قیادت نے اعلان کیا تھا کہ اپنی انتخابی حکمت عملی کے طور پر وہ ایودھیا کا دورہ کرینگے ۔ وہ ایودھیا گئے لیکن انہوں نے مندر میں پرنام نہیں کیا ۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر وہ ایسا کرتے ہیں تو ان کا ووٹ بینک چلا جائیگا ۔ واضح رہے کہ پرینکا گاندھی نے معروف ہنومان گڑھی مندر کا دورہ کیا تھا تاہم وہ رام للا مندر نہیں گئی تھیں۔ انہوں نے کولار کے کسانوں کی ستائش کی جو کثیر مقدار میں ٹماٹر پیدا کرتے ہیں لیکن انہوں نے یہ ٹماٹر پاکستان بھیجنا ترک کردیا ہے ۔ اسمرتی نے کانگریس صدر راہول گاندھی کا نام لئے بغیر ان پر تنقید کی اور کہا کہ یہ لوگ وہی ہیں جو پاکستان میں کئے گئے حملوں کا ثبوت مانگتے ہیں۔ انہوں نے چیف منسٹر کمارا سوامی پر بھی تنقید کی ۔