پرینکا گاندھی کی سپیروں سے ملاقات

زہریلے سانپ سے کھیلنے کا منظر کیمروں میں قید
رائے بریلی 2 مئی (سیاست ڈاٹ کام) پرینکا گاندھی نے انتخابات کی ہیجانی سرگرمیوں سے دور چہارشنبہ کے دن سپیروں سے ملاقات کی اور ایک سانپ کو دلیری کے ساتھ اپنے ہاتھ میں اُٹھاکر کہاکہ ’’بہت عمدہ‘‘ ہے۔ تصویروں کے ذریعہ صحافت کی خدمت انجام دینے والوں نے اس نادر منظر کو اپنے کیمروں میں قید کرلیا۔ پرینکا گاندھی انتخابی سرگرمیوں کے دوران کچاریا گاؤں کے ایک بہت ہی نامعلوم مقام پر ٹھہر گئیں۔ یہ ان کی والدہ کے انتخابی حلقہ کا ایک دوسرا گاؤں تھا۔ انھوں نے اس گاؤں میں بعض سپیروں سے بات چیت بھی کی۔ کانگریس کی جنرل سکریٹری اور مشرقی اترپردیش کے علاقہ کی انتخابی سرگرمیوں کی انچارج پرینکا نے نہ صرف ایک سانپ کو ہاتھ میں اُٹھالیا بلکہ اس کے ساتھ کھیلتی بھی رہیں۔ جب ہجوم میں سے کسی نے ان سے کہاکہ اس زہریلے سانپ سے محتاط رہیں، تب اُنھوں نے جواب دیاکہ مجھے کچھ نہیں ہوگا سب ٹھیک ٹھاک ہے‘‘۔ اس کے بعد انھوں نے اس گاؤں کے رہنے والوں کو بتایا کہ اس حلقہ کی ترقی میں ان کی والدہ سونیا گاندھی نے کیا کردار ادا کیا۔