پرگتی بھون کا گھیراؤ کرنے والے راشن ڈیلرس کی گرفتاری کی مذمت

ڈیلرس کے مسائل کو حل کرنے کا مطالبہ ، سابق ایم پی کانگریس پونم پربھاکر
حیدرآباد ۔ 30 ۔ جون : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے نائب صدر سابق رکن پارلیمنٹ پونم پربھاکر راشن ڈیلرس کے احتجاج کی بھر پور تائید کی ۔ پرگتی بھون کا گھیراؤ کرنے کے لیے پہونچنے والے ڈیلرس کے گرفتاری کی سخت مذمت کرتے ہوئے فوری انہیں رہا کرنے کا حکومت سے مطالبہ کیا ۔ پونم پربھاکر نے کہا کہ راشن ڈیلرس اپنے جائز مطالبات کے لیے احتجاج کررہے ہیں ۔ حکومت ان سے مشاورت کرنے کے بجائے ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کررہی ہے ۔ اپنے مسائل کو چیف منسٹر سے رجوع کرنے کے لیے راشن ڈیلرس نے چلو حیدرآباد کا اہتمام کیا تاہم ریاست کے مختلف اضلاع اور حیدرآباد میں راشن ڈیلرس اسوسی ایشن کے قائدین کو گرفتار کرلیا ہے جس کی وہ سخت مذمت کرتے ہیں اور حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے انہیں غیر مشروط طریقے سے رہا کرتے ہوئے ان کے مسائل کو فوری حل کیا جائے ۔ کانگریس کے دور حکومت میں راشن شاپس کے ذریعہ ایک روپیہ کیلو چاول ، دوسری 9 اشیاء شکر ، املی ، دال ، پامولین ، گیہوں ، نمک کے علاوہ دوسری غذائی اجناس صرف 185 روپئے میں سربراہ کئے جاتے تھے ۔ غریب عوام کے لیے منفرد اسکیم پر عمل آوری سے ڈیلرس کو بھی اپنے ارکان خاندان کا پیٹ بھرنے کے لیے کمیشن حاصل ہوجاتا تھا ۔ تاہم علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد حکومت کی جانب سے راشن شاپس سے صرف چاول تقسیم کرتے ہوئے دوسری اشیاء کو غائب کردیا گیا ہے جس کی وجہ سے راشن ڈیلرس کو صرف ایک ہفتہ کا کام ہے ۔ جس سے ان کا گذر بسر مشکل ہوگیا ہے ۔ کانگریس کے دور حکومت میں راشن ڈیلرس جب بھی مسائل کا شکار تھے حکومت اسوسی ایشن کے قائدین سے مذاکرات کیا کرتی تھی اور ان کے مسائل حل کرتی تھی لیکن ٹی آر ایس حکومت گذشتہ تین سال سے راشن کارڈ ہولڈرس کو مختلف مسائل سے دوچار کررہی ہے ۔ راشن کارڈ کی جگہ فوڈ سیکوریٹی کارڈ متعارف کرایا گیا ہے ۔ مگر کارڈ کی اجرائی میں شفافیت نہیں لائی گئی ۔۔