پرچہ کا افشا مزید تین افراد گرفتار II ایمسیٹ

حیدرآباد 30 جولائی ( پی ٹی آئی ) تلنگانہ سی آئی ڈی نے جو ایمسیٹ

II کے پرچہ سوالات کے افشا کی تحقیقات کر رہی ہے ‘ اس کیس میں مزید تین افراد کو گرفتار کیا ہے جن میں ایک اصل دلال بھی شامل ہے جو کرناٹک و آندھرا پردیش میں دوسرے اسی طرح کے اسکامس میں ملوث سمجھا جا رہا ہے ۔ کہا گیا ہے کہ 65 سالہ سانی کم راجگوپال ریڈی کو بنگلورو میں گرفتار کیا گیا ہے ۔ اب تک اس کیس میں جملہ 6 افراد گرفتار کئے جاچکے ہیں۔ ریڈی کو اہم دلال قرار دیتے ہوئے سی آئی ڈی نے کہا کہ اس نے بنگلورو میں ایک کیمپ منعقد کیا جہاں 20 طلبا کو دوسرے دو دلال حیدرآباد اور وجئے واڑہ سے لائے تھے ۔ ان دونوںکو جاریہ ہفتے کے اوائل میں گرفتار کیا جاچکا ہے ۔ یہاں طلبا کو افشا کردہ پرچہ سوالات کے مطابق تربیت دی گئی تھی ۔ الزام ہے کہ ریڈی نے دو دلالوں سے 1.25 کروڑ روپئے حاصل کئے تھے ۔ اس دوران دلسکھ نگر اور ایل بی نگر میں میڈیکل اکیڈیمی سے تعلق رکھنے والے دو افراد کو بھی گرفتار کیا گیا ہے ۔ ان کی اے وینکٹ رمنیا اور بی رویندرا کی حیثیت سے شناخت کی گئی ہے ۔ ان دونوں پر الزام ہے کہ انہوں نے اپنی اکیڈیمی کے چار طلبا کو پونے کیمپ کو روانہ کیا تھا ۔ انہوں نے تین طلبا سے 35 لاکھ روپئے وصول کرتے ہوئے درمیانی دلال شیخ رمیش عرف رحیم کو دئے تھے ۔ سی آئی ڈی نے یہ بات بتائی ۔