پروین توگڑیا کا 3نومبر سے تین روزہ دورہ جموں ، ’ہندو ہیلپ لائن‘کا افتتاح

نیشنل کانفرنس کا پی ڈی پی لیڈر کی بی جے پی ایگزیکٹو میٹنگ میں شرکت پر اعتراض
جموں30اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام ) وشوا ہندو پریشد کے بین الاقوامی صدر پروین توگڑیا تین روزہ دورے پر 3 نومبر کو جموں کی سرمائی دارالحکومت جموں آرہے ہیں۔ پارٹی ذرائع نے یو این آئی کو بتایا ‘ڈاکٹر توگڑیا 3 نومبر کو جموں آئیں گے ۔ وہ یہاں تین دن رہیں گے ‘۔ انہوں نے بتایا کہ وی ایچ پی کے شعلہ بیان لیڈر اپنے دورے کے دوران یہاں ‘ہندو ہیلپ لائن’ شروع کریں گے ۔ ذرائع نے بتایاکہ یہ ہیلپ لائن پارٹی کی طرف سے دنیا بھر میں شروع کردہ خدمات کا حصہ ہے ۔انہوں نے بتایا کہ ‘ہندو ہیلپ لائن’ پورے دنیا میں شروع کی گئی ہے اور اس کا مقصد دنیا بھر میں مقیم ‘ہندؤں’ کی بہبودی کو یقینی بنانا ہے ۔ ذرائع نے مزید بتایا ‘وی ایچ پی لیڈر (توگڑیا)یہاں سول سوسائٹی کے اراکین اور دانشوروں کے ساتھ میٹنگ کرکے جموں وکشمیر کی موجودہ صورتحال سے متعلق فیڈ بیک حاصل کریں گے ‘۔ انہوں نے بتایا کہ پروین توگڑیا 5 نومبر کو واپس نئی دہلی جائیں گے ۔سرینگر سے موصولہ اطلاع کے بموجب نیشنل کانفرنس نے کہا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی ورکنگ کمیٹی اجلاس میں پی ڈی پی کے سینئر لیڈر اور کابینہ وزیر کی شرکت نے ایک بار پھر قلم دوات جماعت (پی ڈی پی) کا اصلی چہرہ عوام کے سامنے بے نقاب کرکے رکھ دیا ہے ۔ پی ڈی پی کو عوام کے سامنے اس بات کا باضابطہ طور پر خلاصہ کر ناچاہئے کہ آیا یہ جماعت بی جے پی میں ضم ہوگئی ہے یا ہونے والی ہے ۔ نیشنل کانفرنس کے صوبائی صدر ناصر اسلم وانی نے کہا کہ بی جے پی کی ورکنگ کمیٹی کا اجلاس کوئی سرکاری تقریب نہیں تھی بلکہ خالصتاً پارٹی کا اندرونی اجلاس تھا اور اس میں پی ڈی پی کے سینئر لیڈر کی شرکت کرنے سے یہ بات صاف ہوگئی ہے کہ قلم دوات جماعت بی جے پی کی ایک اکائی کی حیثیت سے کام کررہی ہے اور اس جماعت کے لیڈران اپنے بانیوں کو خوش کرنے کے لئے اُن کے پارٹی پروگراموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر رپورٹوں پر یقین کیا جائے تو نہ صرف بی جے پی کی اس تقریب کے لئے حکومتی مشینری کا استعمال کیا گیا بلکہ پی ڈی پی نے رضاکارانہ طور پر اپنے عہدیدار اور کارکن وقف بھی رکھے تھے ۔ناصر اسلم وانی نے کہا کہ پی ڈی پی نے بی جے پی کے سامنے مکمل طور پر سرینڈر کردیا ہے اور ریاست کی حکمرانی مکمل طور پر زعفرانی جماعت سے وابستہ لوگ چلا رہے ہیں۔ قابل ذکر ہے کہ بی جے پی کا اتوار کے روز یہاں شہرہ آفاق ڈل جھیل کے کناروں پر واقع ایس کے آئی سی سی میں ایگزیکٹو اجلاس منعقد ہوا جس میں مبینہ طور پر پی ڈی پی کے سینئر لیڈر نعیم اختر نے بھی شرکت کی۔