پرفیوم کا استعمال

اچھے پرفیوم کا استعمال جو آپ کو سر سے پیر تک خوشبو سے مہکادے ، حُسن کا بڑا سرمایہ ہے لیکن اس کے اور بھی فائدے ہیں۔ یہ آپ کی جِلد کی چمک بڑھاتا ہے، میک اَپ کو اُجاگر کرتا ہے اور واقعی خوبصورتی کو دوبالا کرتا ہے، سوپ میں بھی نہایت مسحور کن خوشبو والے پرفیوم ہوتے ہیں۔ اس لئے میک اَپ سے پہلے خوشبودار صابن سے منہ دھوناعادت بنالیجئے۔پرفیوم کے استعمال میں عام طور پر لوگ وجدان سے کام لیتے ہیں یعنی اسٹور پر گئے اور جو پرفیوم اچھی لگی خرید لی لیکن ہم یہی کہتے ہیں کہ پرفیوم احتیاط سے منتخب کریں بلکہ ایسے وقت میں منتخب کریں جب آپ کے پاس وافر وقت موجود ہو۔
اس انتخاب کے لئے ہماری ان باتوں کو ذہن میں رکھیئے: ٭ پرفیوم کی خوشبو دراصل تین خوشبوؤں کا مجموعہ ہوتی ہے یعنی تیز، درمیانی اور بنیادی خوشبو۔ ٭ پرفیوم کی سب سے تیز خوشبو وہ ہوتی ہے جو پہلے ہی جھپکے میں ناک سے ٹکراتی ہے لیکن زیادہ پُراثر اور دیرپا اثر بنیادی خوشبو کا ہوتا ہے۔ اس لئے بنیادی خوشبو ہی کو خریداری کا معیار بنانا دانشمندی ہے۔

٭ پرفیوم کی 8بڑی قسمیں ہوتی ہیں جیسے فلورل، شیپرس، میجک، لیدر، امبرگرس، مسک، وڈی اور گرین۔ ٭ فلورل قسم کی خوشبو میں گلاب، جاسمین، ٹیوب روز اور لیونڈر جیسے پھولوں کی مہک ہوتی ہے اسی طرح شیپرس قسم میں صندل جیسی خوشبودار میٹل قسم میں اوپئیم، ستار باسیکی نور جیسے پرفیوم آتے ہیں۔ ٭ آپ بہترین پرفیوم کا انتخاب کیجئے، دو یا تین نمونوں کی مدد سے اسٹور والوں کی مدد لیجئے کہ آپ کو کیسا پرفیوم پسند ہے۔ ایک ہی دفعہ میں تین نمونوں سے زیادہ کا موازنہ کرنے کی کوشش نہ کیجئے اس طرح آپ کی قوتِ شامہ وہ کام نہیں کرپائے گی جو اس کو کرنا چاہئے تھا۔٭ ہلکی خوشبو سے بھاری خوشبو کی طرف جایئے، ہاتھ کی پشت یا کلائی پر اس طرح اسپرے کریں کہ جِلد گیلی نہ ہو اور تھوڑے فاصلے سے سونگھئے، سونگھتے ہوئے دھیرے دھیرے سانس لیجئے، اسی طرح مختلف خوشبو آزمایئے اور پسند کرلیجئے۔ یہ بھی خیال رکھیئے کہ پرفیوم کو چار یا پانچ ماہ میں استعمال کرلیں اس کے بعد اس کی مہک متاثر ہونے لگتی ہے، دھوپ وغیرہ سے پرفیوم کو بچایئے، اسی طرح ایک ہی وقت میں کئی ایک پرفیوم استعمال کرنا اچھا نہیں لگتا۔