پرانے شہر کے بیشتر اے ٹی ایمس میں پیسے نہیں

حیدرآباد ۔ 30 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : چارمینار کے دامن میں رمضان المبارک کا ہر پہلو خاص نوعیت کا ہوتا ہے جیسا کہ مکہ مسجد میں افطار کے وقت کے مناظر شام کے اوقات میں لاڈ بازار اور پتھر گٹی میں شاپنگ کے مناظر یا پھر افضل گنج تا چارمینار ٹریفک میں گاڑیوں کی قطاریں سب ہی اپنا ایک رنگ رکھتی ہیں ۔ لیکن پرانے شہر کے بیشتر ایم ٹی ایمس میں نقد رقومات نہ ہونے کی وجہ سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ بینک ملازمین کی جانب سے دو روزہ ہڑتال سے قبل ہی چارمینار اور اس کے اطراف کے علاقوں کے اے ٹی ایمس میں نقد نہ ہونے کی شکایت عام ہوئی ہیں حالانکہ بینک انتظامیہ نے کہا ہے کہ اے ٹی ایمس میں نقد کی کمی نہیں ہے ۔ لیکن اکثر اے ٹی ایمس خالی پڑے ہیں اور کچھ اے ٹی ایم پر ’ نوکیاش ‘ کا بورڈ آویزاں ہے ۔ دوست احباب کی جانب سے سوشیل میڈیا پر یہ ہدایت دی جارہی ہے کہ ’ شاپنگ سے پہلے جیب نقد سے بھرلیں یا کارڈ سے ادائیگی کی دکان میں داخل ہونے سے پہلے ہی تفصیلات حاصل کرلیں ۔ ’ چارمینار کے دامن میں موجود اے ٹی ایم خالی ‘ یہ جملے اب واٹس اپ پر زیادہ وائرل ہورہے ہیں ۔۔