پرانے شہر میں ڈرگ ریاکٹ بے نقاب

پانچ افراد گرفتار ، ہیروئن و موبائل ضبط ، ٹاسک فورس پولیس کی کارروائی
حیدرآباد ۔ 3 مئی (سیاست نیوز) پرانے شہر میں چلائے جارہے بین ریاستی ڈرگس ریاکٹ کو بے نقاب کرتے ہوئے پانچ افراد کو ٹاسک فورس پولیس نے کاماٹی پورہ پولیس کی مدد سے گرفتار کرلیا۔ پولیس کمشنر حیدرآباد انجنی کمار نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس ٹولی کا سرغنہ ممبئی کا متوطن عثمان شیخ ہے جو حیدرآباد کے اسمگلرس کو ہیروئن جیسے منشیات فراہم کررہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ 23 سالہ اسحاق معین الدین ساکن کاماٹی پورہ پیشہ سے الیکٹریشن ہے لیکن وہ فلموں میں کام کرنے کا شوق رکھتا تھا اور اس سلسلہ میں وہ سال 2015ء میں ممبئی چلا گیا تھا۔ فلمی صنعت میں کوئی موقع نہ ملنے پر بار اور پبس میں ڈی جے کا کام کرنے لگا اور ایک سال قبل اس کی ملاقات ممبئی کے عثمان شیخ اور صمد رئیس خان سے ہوئی جو اسے ہیروئن فراہم کیا کرتے تھے۔ اسحاق بھی ڈرگس کے کاروبار میں ملوث ہوگیا اور وہ اپنے دوست احباب سے منشیات کا آرڈرس حاصل کرنے لگا۔ شہر حیدرآباد میں بھی اس نے خواہشمند گاہکوں خواجہ، وحید، ابھیشیک، امیر علی اور دیگر کو اپنا ایجنٹس بنا لیا تھا۔ انجنی کمار نے کہا کہ اسحاق معین الدین ممبئی سے حیدرآباد بذریعہ آر ٹی سی بس ڈرگس منتقل کیا کرتا تھا اور اسے شہر منتقل کرنے کے بعد دوگنے دام میں فروخت کیا کرتا تھا۔ دو دن قبل صمد رئیس خان اور عثمان شیخ ممبئی سے حیدرآباد پہنچے اور اسحاق کو ڈرگس فراہم کیا۔ ٹاسک فورس نے گرفتار شدہ پانچ افراد کے قبضہ سے 28 گرام ہیروئن اور 6 موبائیل فونس ضبط کرلئے اور انہیں پولیس کاماٹی پورہ کے حوالے کردیا۔