پرانے شہر میں ٹریفک کو بہتر بنانے ڈیوائیڈر اور ٹریفک سگنل

ٹریفک خلاف ورزی کرنے والوں پر نظر رکھنے سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب
حیدرآباد۔13فروری (سیاست نیوز) شہر حیدرآبادمیں ٹریفک نظام کو بہتر بنانے کیلئے کئے جانے والے اقدامات کے تحت پرانے شہر میں بھی محکمہ پولیس کی جانب سے ڈیوائیڈر اور ٹریفک سگنلس کی تنصیب عمل میں لائی جانے لگی ہے اور کہا جا رہا ہے کہ آئندہ دنوں میں پرانے شہر کی اہم سڑکوں پر ٹریفک نظام کو بہتر بنانے کے لئے متعدد اقدامات کئے جائیں گے اور پرانے شہر میں بھی ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں پر نگاہ رکھنے کے لئے اضافی کیمروں کی تنصیب کے اقدامات کئے جانے لگے ہیں ۔ بتایاجاتاہے کہ حکومت تلنگانہ اور شہری پولیس انتظامیہ کے ساتھ ٹریفک پولیس نے جو ایس آر ڈی پی کا منصوبہ تیار کیا ہے اس منصوبہ پر پرانے شہر میں عمل آوری کے اقدامات کا آئندہ ماہ کے اوائل سے آغاز کردیا جائے گا۔ محکمہ ٹریفک پولیس کی جانب سے پرانے شہر میں یکطرفہ راستوں کی نشاندہی اور ڈیوائیڈرس کی تنصیب کے عمل کو مکمل کرنے کے فوری بعد ان پر عمل آوری کے انتظامات کئے جائیں گے۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے علاوہ محکمہ برقی کو بھی ٹریفک پولیس نے جن سڑکوں کی توسیع کا عمل مکمل کیا جا چکا ہے ان سڑکوں سے برقی کھمبوں کو سڑک کے کنارے کرنے کی خواہش کی ہے اس کے علاوہ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے عہدیداروں کو بھی متوجہ کرتے ہوئے انہیں سڑکوں کی تعمیر کو فوری مکمل کرنے کی جانب متوجہ کروایا گیا ہے۔محکمہ ٹریفک پولیس کے ذرائع کا کہناہے کہ شہر کے مختلف علاقو ں میں کامیاب تجربہ اور ڈیوائیڈرس کی تنصیب کے ذریعہ حادثات پر قابو پانے کی کوشش میں بڑی حد تک کامیابی کے بعد اب پرانے شہر کی اہم سڑکوں کو بھی محفوظ بنانے کے علاوہ ٹریفک میں ہونے والے خلل کو روکنے کے اقدامات پر توجہ دی جانے لگی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ پرانے شہر کی سڑکوں پر کی جانے والی بے جا پارکنگ کو روکنے کے لئے مفت پارکنگ کے مقامات کی نشاندہی کے بہتر نتائج برآمد ہوئے ہیں اور ان کو دیکھتے ہوئے محکمہ کی جانب سے فیصلہ کیا گیا ہے کہ پرانے شہر کے مصروف ترین علاقو ںمیں ایسے مزید مقامات کی نشاندہی کی جائے گی جہاں مفت پارکنگ کی فراہمی کو یقینی بنایا جاسکتا ہے ۔ شہر کے کئی علاقو ںمیں محکمہ ٹریفک پولیس کی جانب سے مفت پارکنگ کی فراہمی کے سلسلہ میں کئے جانے والے اقدامات کے متعلق عہدیداروں نے بتایا کہ موٹر سیکلوں کے علاوہ موٹر کاروں کی مفت پارکنگ کے لئے جگہ کی فراہمی کا مقصد عوام کو سہولت کی فراہمی کے علاوہ ان میں ٹریفک قوانین کے متعلق شعور بیدار کرنا ہے اور اس شعور بیداری کے ذریعہ ٹریفک کے مسائل کو حل کرنے میں بڑی حد تک کامیابی حاصل ہوسکتی ہے۔