پرانے شہر میں آج تاریخی علم بی بی کا جلوس

ایک بجے دن الاوہ بی بی سے برآمد ہوگا ۔ پولیس کی جانب سے وسیع تر انتظامات
حیدرآباد 30 ستمبر ( سیاست نیوز ) پرانے شہر میں تاریخی علم بی بی کا جلوس کل اتوار 10 محرم الحرام کو نکالا جائیگا ۔ ریگ زار کربلا پر نواسہ رسولؐ حضرت امام حسین ؓ کی شہادت کی یاد میں یہ جلوس نکالا جاتا ہے ۔ یہ جلوس الاوہ بی بی واقع دبیر پورہ سے ایک بجے دن نکالا جائیگا ۔ اس سے قبل 11.30 بجے دن مجلس پرسہ برپا ہوگی ۔ گروہ شیدائے شبیر کی جانب سے خونی ماتم کیا جائیگا اور نجف علی شوکت صدر مرکزی انجمن ماتمی گروہان نوحہ خوانی کرینگے ۔ بعد ازاں ٹھیک ایک بجے دن سواری علم بی بی نکالی جائیگی ۔ یہ علم ہاتھی پر ہونگے ۔ مجاور الاوہ بی بی علی الدین عارف کے ساتھ علمبردار میر قمر حسن رضوی اور نظام ٹرسٹ کا نمائندہ موجود ہوگا ۔ علم کے آگے اونٹ پر ماہی مراتب اور علم کے پیچھے فولادی علم ہونگے ۔ یہ جلوس الاوہ بی بی سے برآمد ہوکر براہ شیخ فیض کمان ‘ اعتبار چوک ‘ کوٹلہ عالیجاہ ‘ چارمینار ‘ گلزار حوض ‘ پنجہ شاہ ‘ قدم رسول ‘ پرانی حویلی ‘ دارالشفا سے ہوتا ہوا چادر گھاٹ پر نزد مسجد الہی اختتام کو پہونچے گا اور یہاں علم ٹھنڈے کئے جائیں گے ۔ اس مقام پر مجلس منعقد ہوگی جس میں گروہ شیدائے شبیر کی سینہ زنی ہوگی ۔ اس سے قبل جلوس کے ساتھ جملہ 21 ماتمی انجمنیں ماتم کرینگی ۔ ان میں انجمن معصومین ‘ گروہ شیدائے شبیر ‘ انجمن العباس ‘ گروہ کاظمی ‘ انجمن عون و محمد اور دوسری انجمنیں شامل ہونگی ۔ جلوس کے راستے پر مختلف مقامات پر ڈھٹی پیش کی جائیگی ۔ کمشنر پولیس کی جانب سے دارالشفا کے مقام پر علم پر ڈھٹی پیش کی جائیگی ۔ خانوادہ نظام کی جانب سے پرانی حویلی پر اور بی جے پی قائدین کی جانب سے منڈی میر عالم کے مقام پر علم کو ڈھٹی پیش کی جائیگی ۔ اس کے علاوہ مجلس بلدیہ کی جانب سے دفتر بلدیہ قدیم پر ڈھٹی پیش کی جائیگی ۔ پولیس کی جانب سے جلوس کے موقع پر سکیوریٹی کے وسیع تر انتظامات کئے جا رہے ہیں۔ پانچ ہزار ملازمین پولیس کو جلوس کے راستوں پر متعین کیا گیا ہے ۔ اس کے علاوہ حساس مقامات پر سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعہ بھی نگرانی کا انتظام کیا جا رہا ہے ۔ اس دوران کمشنر سٹی پولیس مسٹر مہیندر ریڈی نے آج تاریخی الاوہ بی بی پہونچ کر سہرا چڑھایا ۔ مجاور الاوہ بی بی جناب علی الدین عارف نے انہیں تبرکات پیش کئے ۔ صدر مرکزی انجمن ماتمی گروہان نجف علی شوکت نے کمشنر پولیس کو یوم عاشور علم مبارک کی برآمدگی کے سلسلہ میں انتظامات سے واقف کروایا ۔ کمشنر کی الاوہ بی بی پر حاضری کے موقع پر ڈی سی پی ساؤتھ زون وی ستیہ نارائنا ‘ اڈیشنل ڈی سی پی بابو راؤ اور دوسرے موجود تھے ۔