پرانی حویلی چوراہے پر بے یارومددگار خاندان حکومت سے بازآبادی کا منتظر

پولیس اور بلدیہ سے بے گھر افراد کیلئے خصوصی مہم، پرانے شہر پر عدم توجہ، معصوم بچوں کے خاندان کو خطرہ

حیدرآباد۔30جولائی (سیاست نیوز) شہر میں بے گھر افراد کیلئے محکمہ پولیس اور مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے چلائی جانے والی مہم اور انہیں شیلٹر ہوم منتقل کرنے کی کوششوں اور بازآبادکاری کے معاملہ کی مختلف گوشوں سے ستائش کی جا رہی ہے اور کہا جا رہاہے کہ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے شہر کو گداگروں اور بے گھر افراد جو فٹ پاتھ پر رہتے ہیں ان سے پاک کرنے کے اقدامات سے کافی فائدہ ہو رہا ہے لیکن پرانے شہر کے علاقہ پرانی حویلی چوراہا پر برسوں سے فٹ پاتھ پر زندگی گذاررہے خاندان کو محکمہ پولیس اور جی ایچ ایم سی کی جانب سے مسلسل نظر انداز کرتے ہوئے انہیں وہیں چھوڑ دیا گیا ہے جبکہ ان کی بازآبادکاری کے اقدامات فوری طور پر کئے جانے چاہئے کیونکہ یہ خاندان ایسی جگہ فٹ پاتھ پر قیام کئے ہوئے ہے جہاں وہ کسی بھی حادثہ کا شکار ہو سکتا ہے ۔ ضلع انتظامیہ اور جی ایچ ایم سی کی جانب سے اس خاندان کو منتقل کرنے کے سلسلہ میں فوری توجہ مرکوز کی جانی چاہئے کیونکہ اس خاندان میں معصوم بچے بھی شامل ہیں جو کہ فٹ پاتھ پر ہی سوتے ہیں۔ شہر حیدرآباد کے چوراہوں اور سڑکوں کے علاوہ مذہبی مقامات کے قریب گداگری کرنے والوں کو جی ایچ ایم سی محکمہ پولیس و محابس کی مدد سے شیلٹر ہوم منتقل کر رہی ہے اور شہر کو گداگروں سے پاک بنانے کے اقدامات کے دعوے کئے جا رہے ہیں لیکن شہر کو گداگری سے پاک بنانے کیلئے کی جانے والی ان کوششوں کے دوران جی ایچ ایم سی اور محکمہ پولیس و محابس کو اس بات کا بھی خیال رکھنا چاہئے کہ شہر حیدرآباد میں بسنے والے ان مفلوک الحال خاندانوں کی بازآبادکاری یقینی بنائی جائے جو فٹ پاتھ پر زندگی گذارنے پر مجبور ہیں۔ بتایاجاتاہے کہ پرانی حویلی چوراہے پرقیام پذیر اس خاندان کو منتقل کرنے کی محکمہ جاتی سطح پر منتقل کرنے کی کوئی کوشش نہیں کی گئی اسی طرح شاہ علی بنڈہ‘ مہدی پٹنم‘ بازار گھاٹ‘ ٹولی چوکی کے علاوہ شہر کے بعض دیگر علاقو ں میں بھی اس طرح کے خاندان فٹ پاتھ پر قیام کرتے ہیں اور ان میں بعض خاندان گداگری نہیں کرتے بلکہ محنت و مزدوری سے اپنا گذر بسر کرتے ہیں اگر انہیں ضلع انتظامیہ اور مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے عاجلانہ طور پر ترجیحی بنیادو ں پر مدد کی فراہمی کے ذریعہ اراضی یا ڈبل بیڈروم فلیٹ کی حوالگی کے ذریعہ بازآباد کیا جاتا ہے تو اسی صورت میں شہر میں بحالت مجبوری فٹ پاتھ پر قیام کرنے والے ان خاندانوں کو آسرا مل سکتا ہے جو گرمی‘ بارش اور شدید سردی کے دوران بھی فٹ پر اپنے بچوں کے ساتھ زندگی گذارنے پر مجبور ہیں۔