پرانا شہر میں بلدیہ کی انہدامی کارروائی

فٹ پاتھس پر ناجائز قبضوں کی برخاستگی
حیدرآباد 30 ڈسمبر (سیاست نیوز) بلدیہ کی جانب سے فٹ پاتھس پر موجود قبضہ جات کی برخاستگی میں شدت پیدا کردی گئی ہے۔ عدالت کے احکام کے بعد بلدی عہدیداروں نے دونوں شہروں کے مختلف علاقوں میں واقع فٹ پاتھ پر ناجائز قبضوں کو برخاست کروانے کا عمل شروع کردیا ہے۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے عہدیداروں نے آج بلدی سرکل VII میں بڑے پیمانے پر کارروائی کرتے ہوئے فٹ پاتھ پر موجود قبضوں کو برخاست کرواتے ہوئے چھوٹے تاجرین کو کاروبار سے بیدخل کردیا۔ اسی طرح شہر کے دیگر علاقوں میں بھی بڑے پیمانے پر کارروائیاں کی گئیں اور امکان ہے کہ آئندہ چند یوم کے دوران ان کارروائیوں میں مزید شدت پیدا کی جائے گی۔ بتایا جاتا ہے کہ اسپیشل آفیسر و کمشنر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد نے ٹاؤن پلاننگ کے عہدیداروں کو ہدایت جاری کرتے ہوئے حیدرآباد ہائی کورٹ کے احکامات پر سختی سے عمل آوری کرنے اور ناجائز قابضین کو برخاست کروانے کی ہدایت دی۔ جی ایچ ایم سی عملہ کی جانب سے آج پرانی حویلی پرنسیس عیسن اسکول کی دیوار سے متصل چھوٹے تاجرین کو بھی بیدخل کردیا گیا۔ کالج کی دیوار سے متصل میوہ فروشوں کو عارضی دوکانوں کے انہدام کے ذریعہ بلدی عہدیداروں نے سڑک کو کشادہ کرنے کی کوشش کی لیکن متاثرین نے الزام عائد کیاکہ انھیں انہدامی کارروائی سے قبل آگاہ نہیں کیا گیا جس پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے بلدی عہدیدار نے بتایا کہ ناجائز قابضین کو نوٹس کی اجرائی کے ذریعہ انھیں قانونی چارہ جوئی کا راستہ فراہم کرنا درست نہیں ہے اسی لئے بلدیہ کی جانب سے غیر قانونی قابضین کو بغیر تحریری نوٹس کے بے دخل کیا جارہا ہے۔ زونل کمشنر ساؤتھ زون مسٹر بالا سبرامنیم ریڈی نے بتایا کہ پرنسیس عیسن اسکول سے متصل قبضہ جات کو متعدد شکایات کی وصولی کے بعد برخاست کیا گیا ہے۔ اُنھوں نے بتایا کہ سابق میں ان غیر مجاز کاروباری اداروں میں پیش آئے آتشزدگی کے واقعات کے بعد سے ہی ان قبضہ جات کو برخاست کرنے کے لئے پرنسیس عیسن انتظامیہ کی جانب سے شکایات موصول ہوئی تھیں۔ مسٹر بالا سبرامنیم ریڈی نے کہاکہ حالیہ عرصہ میں تیزی سے بڑھ رہے قبضہ جات کی روک تھام اور معصوم بچوں کی حفاظت کے اقدامات کے طور پر اِن فٹ پاتھس کو خالی کروایا گیا ہے۔