پراسرار گمشدگی کے بعد پاکستان کے امن جہدکار وطن واپس

لاہور ۔ 20 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے ایک امن جہدکار جنہوں نے ہندوپاک کے درمیان بہتر تعلقات کیلئے مہم چھیڑ رکھی ہے، بالآخر اپنے وطن واپس آ گئے۔ یاد رہیکہ میڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق مذکورہ جہدکار سات ماہ قبل پراسرار طور پر لاپتہ ہوگئے تھے جن کا نام رضا محمود خان بتایا گیا ہے جو ’’آغازدوستی‘‘ نام کی مہم کے کنوینر ہیں۔ موصوف کا دعویٰ ہیکہ اس طرح ہندوپاک کے درمیان دوستی کی راہ ہموار کی جانی چاہئے خصوصی طور پر نئی نسل میں۔ انہیں 2 ڈسمبر 2017ء میں لاہور میں ان کی رہائش گاہ ماڈل کالونی سے کچھ سادہ لباس والوں نے اغواء کرلیا تھا۔ ان کے دستیاب ہونے کے بعد بھی پولیس لب کشائی سے گریز کررہی ہے اور یہ بتانا نہیں چاہتی کہ رضا محمود خان کہاں اور کن حالات میں ملے۔ یہاں اس بات کا تذکرہ بھی دلچسپ ہوگا کہ رضا محمود خان کے پُراسرار طور پر لاپتہ ہونے کے بعد ان کے دوست احباب، انسانی حقوق کے جہدکار اور ارکان خاندان ان کی رہائی کیلئے احتجاج کرتے رہے اور امن و انسانی حقوق کی قدردانی کرنے والوں کو ہراساں کئے جانے کی مذمت کی۔ دریں اثناء سپرنٹنڈنٹ آف پولیس، انویسٹی گیشن ماڈل ٹاؤن، محمد عمران نے بتایا کہ پنجاب پولیس نے دس روز قبل محمود خان کو دستیاب کرلیا اور بتایا کہ ان کی صحت اچھی ہے۔ ایکسپریس ٹریبون کی ایک حالیہ رپورٹ کے مطابق پاکستان میں پُراسرار طور پر لاپتہ ہوجانے کے واقعات عام ہوتے جارہے ہیں جہاں 2011ء سے 2017ء تک لاپتہ ہونے کے 4608 معاملات سامنے آئے ہیں۔