پاک ۔ انگلینڈ دوسرا ونڈے: بٹلر کی سنچری سے انگلینڈکامیاب

ساؤتھمپٹن۔ 12 مئی (سیاست ڈاٹ کام) جوس بٹلر کے محض 55 گیندوں چھ چوکوں اور نو چھکوں سے سجی ناٹ آؤٹ 110 رنز کی زبردست اننگز کی بدولت انگلینڈ نے پاکستان کو بڑے اسکور والے دوسرے ون ڈے میچ میں ہفتہ کو 12 رن سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کرلی۔دونوں ممالک کے درمیان پہلا ون ڈے بارش کی وجہ سے منسوخ رہا تھا لیکن دوسرے ون ڈے میں رنز کی جم کر برسات ہوئی۔ انگلینڈ نے 50 اوور میں تین وکٹ پر 373 رنز کا پہاڑ جیسا اسکور بنایا۔ پاکستان نے اس بڑے ہدف کا جم کر پیچھا کیا لیکن اوپنر فخر زمان کے 106 گیندوں میں 12 چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے بنے 138 رنز کے باوجود پاکستان کی ٹیم 50 اوور میں سات وکٹ پر 361 تک ہی پہنچ سکی۔ میچ میں374رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کے لیے امام الحق اور فخر زمان نے اننگز کا آغاز کیا اور پہلی وکٹ کے لیے 92رنز جوڑے جس کے بعد امام35رنز بنا کر معین کی گیند پرانہی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے ، دوسری وکٹ پر بابر اعظم اور فخر زمان نے تیزرفتاری سے 132 رنز جوڑے ۔اوپنر فخر زمان نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے میدان کے چاروں جانب زبردست اسٹروکس کھیلے اور سنچری مکمل کی، وہ 106 گیندوں پر 138 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ۔ان کی اننگز میں 4 شاندار چھکے اور 12 دلکش چوکے شامل تھے ۔بابر اعظم بھی51رنز بنا کر عادل رشید کا شکار بنے ۔ حارث سہیل14رنز بنا کر ووکس کے ہاتھوں پوویلین لوٹے ۔آصف علی اور سرفراز احمد نے 5 ویں وکٹ کے لئے 49رنز جوڑے اور اس دوران آصف علی نے اپنی دوسری نصف سنچری بھی مکمل کی۔وہ51رنز بنا کر ویلی کی گیند پر آؤٹ ہوئے ۔ عماد وسیم8رنز بنا کر ویلی کا دوسرا شکار بنے ۔فہیم اشرف بھی صرف3رنز بنا سکے ۔پاکستانی ٹیم نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں پر 361 رنز بناسکی ۔اس سے قبل پاکستانی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر انگلینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔