پاک ہاکی ٹیم کی ایشین گیمز میں شرکت مشکوک

لاہور 31 اگست (سیاست ڈاٹ کام ) فنڈس کی عدم دستیابی کے باعث ایشین گیمس میں قومی ہاکی ٹیم کا اعزاز کا دفاع خطرے میں پڑگیا ہے، سیکریٹری پی ایچ ایف رانا مجاہد نے کہا کہ جلد فنڈز نہ ملے تو ٹیم چیمپئنز ٹرافی میں بھی شرکت نہیں کرسکے گی ۔قومی ہاکی ٹیم کو آئندہ ماہ کوریا میں ہونے والے ایشین گیمز میں اعزاز کا دفاع کرنا ہے ۔ایشین گیمز میں فتح پاکستان کو ریو اولمپک 2016 میں بھی جگہ دلا دے گی لیکن فنڈس کی کمی سے قومی ہاکی ٹیم کو ایشین گیمس میں شرکت کے بھی لالے پڑگئے ہیں۔ سیکریٹری پی ایچ ایف رانا مجاہد کا کہنا ہے کہ قومی ٹیم کی ناقص کارکردگی کی وجہ سے کوئی ادارہ مالی تعاون کے لئے تیار نہیں ہے ۔اگر فوری طور پر فنڈس مہیا نہ کئے گئے تو قومی ہاکی ٹیم کو کسی انٹرنیشنل ایونٹ میں بھیجنا ممکن نہیں ہوگا ۔پاکستان اسپورٹس بورڈ اور وزارت کھیل سے 50کروڑ روپے کی گرانٹ کے لئے درخواست کی تھی۔لیکن اب تک کوئی جواب نہیں ملا۔ اگر فوری طور پر فنڈس فراہم نہیں کئے گئے تو ٹیم کی ایشین گیمز اور چیمپئنس ٹرافی میں شرکت ممکن نہ ہو سکے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایشین گیمس ریو اولمپکس کے لئے کوالیفائنگ ایونٹ بھی ہے جس میں شرکت نہ کرنا قومی ٹیم کے لئے بہت بڑا دھچکا ہوگا۔