پاک مقبوضہ کشمیر پر حملہ میں ڈی آر ڈی او کا کلیدی رول

حیدرآبادمیں لیزر ٹکنالوجی سے تیار کردہ بموں کا استعمال
حیدرآباد۔27فروری(سیا ست نیوز) ہندستانی فضائیہ کی جانب سے پاک مقبوضہ کشمیر پر کئے گئے دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر حملہ میں حیدرآباد میںموجود ڈی آر ڈی او کا کلیدی کردار رہا ہے ۔ شہر حیدرآباد میں موجود ڈیفنس ریسرچ ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن میں تیار کردہ لیزر ٹکنالوجی سے تیار ہونے والے بم مقبوضہ کشمیر میں موجود دہشت گرد ٹھکانوں کو تباہ کرنے کیلئے برسائے گئے ہیں۔ذرائع کے مطابق ڈیفنس ریسرچ ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن میں موجود ریسرچ سنٹر امارات میں ہی ہندستانی محکمہ دفاع کی جانب سے لیزر ٹکنالوجی والے میزائیل کی تیاری اور اس کی تحقیق پر کام کیا جا رہا تھا اسی لئے یہ کہا جا رہا ہے کہ پاکستانی دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو تباہ کرنے کیلئے جو بم استعمال کئے گئے ہیں وہ حیدرآباد میں تیار کئے جانے والے ہی ہو سکتے ہیں اسی لئے کہا جا رہا ہے کہ دہشت گردوں کے خاتمہ کیلئے کی گئی اس کاروائی سے شہر حیدرآباد کا گہرا تعلق ہے ۔اس سلسلہ میں محکمہ دفاع کے عہدیدار کسی بھی طرح کے تبصرہ سے گریز کر رہے ہیں اور کہا جا رہاہے کہ اس معاملہ میں خاموشی اختیار کرنے کی ہدایت دی گئی ہے لیکن ذرائع کا کہناہے کہ ہندستانی دفاعی نظام میں لیزر ٹکنالوجی سے لیس بموں کو حیدرآباد میں ہی تیار کیا جاتا ہے۔اسی لئے پاکستان میں دہشت گردی کے ٹھکانوں کو تباہ کرنے کیلئے استعمال کئے جانے والے 1000 کیلو بم بھی حیدرآباد کے دفاعی تحقیقی مرکز میں تیار کئے گئے ہیں۔