پاک مقبوضہ کشمیر میں خواتین و بچے غذا کی کمی کا شکار

اسلام آباد ، 28 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان مقبوضہ کشمیر کے دوافتادہ علاقوں میں زائداز ایک تہائی خواتین اور 20 فیصد سے زیادہ بچے غذاء کی سنگین قلت سے دوچار ہیں ، اقوام متحدہ کی ایجنسی کے سروے میں یہ بات کہی گئی ۔ ورلڈ فوڈ پروگرام کی سرپرستی میں لائن آف کنٹرول کے پاس چار اضلاع مظفرآباد ، حویلی ، ہتیان بالا اور نیلم وادی میں کرائے گئے سروے سے معلوم ہوا کہ 38 فیصد خواتین اور 21 فیصد بچے بھوک اور افلاس کا شکار ہیں، اس پراجکٹ کے پروگرام منیجر ثاقب بخاری نے یہ بات کہی ۔ ثاقب کے حوالے سے روزنامہ ڈان نے آج کہا کہ تمام چاروں اضلاع بشمول نیلم وادی میں زائد از 32,000 حاملہ خواتین اور 76,500 بچوں کا ڈسمبر 2013 ء تک چار مہینوں میں ان سرویز کا احاطہ کیا گیا ۔ ایک ماتحت عہدیدار نے بتایا کہ نیلم وادی میں تاحال 4,500 خواتین اور دو ہزار بچوں کو غذائی اشیاء فراہم کی گئی ہیں۔

بن لادن جیسے لوگ فوت نہیں ہوتے: منور حسن
اسلام آباد 28 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی جماعت اسلامی کے سربراہ منور حسن نے آج کہاکہ القاعدہ کے سربراہ اُسامہ بن لادن جیسے لوگ کبھی فوت نہیں ہوتے بلکہ عوام کے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہتے ہیں اور جدوجہد کی ایک علامت بن جاتے ہیں۔ افغانستان پر ایک سمینار سے خطاب کرتے ہوئے منور حسن نے دعویٰ کیاکہ امریکہ اِس جنگ زدہ ملک سے مکمل طور پر انخلاء سے پس و پیش کررہا ہے کیونکہ اُس کو ڈر ہے کہ اُسامہ بن لادن زندہ واپس آئے گا۔ اُنھوں نے مزید کہاکہ بن لادن جیسے لوگ عوامی جدوجہد کے لئے ایک علامت بن جاتے ہیں۔ واضح رہے کہ مئی 2011 ء کے دوران ایبٹ آباد میں یکطرفہ امریکی کارروائی میں اُسامہ بن لادن کو ہلاک کردیا گیا تھا۔ اِس حملہ نے پاکستانی فوج کو یکسر حیرت و اُلجھن میں ڈال دیا تھا جس کے بعد دونوں ملکوں کے پرجوش باہمی تعلقات بُری طرح متاثر ہوئے تھے۔ منور حسن نے گزشتہ سال نومبر کے دوران تحریک طالبان پاکستان کے سربراہ حکیم اللہ محسود کو شہید قرار دیتے ہوئے ایک تنازعہ کھڑا کردیا تھا۔