پاک۔زمبابوے آج ٹی 20 ،میچ کا آغاز1:30 بجے دن

کراچی۔30 جون (سیاست ڈاٹ کام )پاکستانی کرکٹ ٹیم کے زمبابوے میں قدم رکھتے ہی مکی آرتھر کی نگاہیں مستقبل کے بڑے مقاصد پر مرکوز ہو گئی ہیں اور ہیڈ کوچ نے کہا ہے کہ وہ حالیہ مقابلوںکو ایشیا کپ اور ورلڈکپ 2019کے لانچنگ پیڈ کے طور پر دیکھ رہے ہیں لہٰذا بڑے ٹورنمنٹ کیلئے تیاری کا عمل یہاں شروع ہو جائیگا اورموثر ٹیم کی تشکیل میں مدد ملے گی۔مختصر فارمیٹ میں عالمی نمبر ایک پاکستانی ٹیم کو ونڈے میں مزید بہتری درکار ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستانی ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے دورہ زمبابوے سے اپنے مستقل کے مقاصد کو مرکز نگاہ بنانے کا فیصلہ کرلیا ہے ۔ہرارے میں میزبان زمبابوے کے خلاف سہ رخی سیریز کے افتتاحی مقابلے سے قبل یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ ان کی کوشش ہو گی کہ زمبابوے کیخلاف پانچ میچوں پر مشتمل ونڈے سیریز سے ہی آنیوالے میگا ایونٹس کیلئے تیاریوں کا آغاز ہو جائے۔ پاکستانی کرکٹرز کے پاس بہترین موقع ہو گا کہ وہ ایشیا کپ اور ورلڈ کپ کیلئے اسی سیریز سے تیاری شروع کردیں اور خود کو ان دونوں اہم میگا ایونٹس کیلئے اہل بھی ثابت کردیں۔ ہیڈ کوچ کے مطابق ان کا اصل نشانہ آئندہ برس ورلڈکپ ہے تاہم وہ زمبابوے کیخلاف سیریز اور پھر ستمبر میں ایشیا کپ میں مختلف تجربات کر کے آئندہ سال انگلینڈ میں ہونیوالے ورلڈکپ کیلئے بہترین اسکواڈ تیار کر لیں گے۔