پاکستا ن میں بارش و سیلاب ، 21ہلاک

اسلام آباد ۔ 30 جون (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے مختلف علاقوں میں گزشتہ دو روز سے جاری مون سون کی شدید بارشوں سے لگ بھگ 21 افراد ہلاک اور متعد زخمی ہوگئے ہیں۔سرکاری حکام کے مطابق زیادہ تر ہلاکتیں ملک کے سب سے بڑے ساحلی شہر کراچی اور صوبہ بلوچستان کے شہر حب میں ہوئی ہیں۔حکام کا کہنا ہے کہ زیادہ تر اموات بجلی کے تار لگنے، مکانوں کی دیواریں گرنے اور ندی نالوں میں بہہ جانے کے باعث ہوئیں۔کراچی میں گزشتہ دور روز سے جاری موسلا دھار بارش کی وجہ سے شہر کی کئی سڑکوں اور نشیبی علاقوں میں پانی اکھٹا ہو گیا ہے جس کی وجہ سے ٹریفک کا نظام متاثر ہوا ہے۔شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی کا کرنٹ لگنے سے پانچ افراد ہلاک ہو ئے ہیں۔حکام کے مطابق حب کے علاقے میں شدید بارش کی وجہ سے اچانک آنے والے سیلابی ریلے میں کئی مکان بہہ گئے جکبہ مختلف واقعات میں دو بچوں سمیت سات افراد ہلاک ہوئے۔بتایا گیا ہے کہ دریائے چناب میں بھی پانی کی سطح بلند ہو رہی ہے اور حکام نے دریا کے کناروں پر آباد لوگوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔پاکستان کے محکمہ موسمیات نے جمعے کو صوبہ بلوچستان کے بالائی اضلاع، صوبہ سند ھ کے زیریں علاقوں بشمول کراچی، صوبہ خیبر پختونخواہ کے ہزارہ ڈویڑن اور پاکستان کے زیر انتظام کشمیر اور گلگت بلتسان میں گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ مزید بارش کی پیش گوئی کی ہے۔