پاکستان :7 سالہ لڑکی کی عصمت ریزی و قتل ،خاطی کو17 اکٹوبر کو پھانسی

لاہور 13 اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام ) لاہور ہائیکورٹ میں ایک درخواست دائر کرتے ہوئے صوبہ پنجاب میں ایک نابالغ لڑکی کے قاتل کو سزائے موت دینے کی استدعا کی گئی ہے ۔ جمعہ کو انسداد دہشت گردی عدالت کی جانب سے 23 سالہ عمران علی کو نوٹس جاری کی گئی جسے 17 اکٹوبر کو لاہور سنٹرل جیل میں پھانسی دی جائیگی ۔ جنوری میں پولیس نے سات سالہ لڑکی کی عصمت ریزی اور قتل کے مرتکب عمران علی کو گرفتار کیا تھا ۔ اس لڑکی کی نعش ایک کچرے کے ڈھیر سے پائی گئی تھی ۔ اس واقعہ پر سارے ملک میں برہمی کی لہر پیدا ہوگئی تھی اور پرتشدد احتجاج بھی کیا گیا تھا ۔ لڑکی کے والد امین انصاری نے آج ایک اور درخواست عدالت میں دائر کرتے ہوئے قاتل کیلئے سرعام پھانسی کا مطالبہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ان کی لڑکی کے قاتل کو عبرتناک سزا دی جانی چاہئے تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات کا اعادہ نہ ہونے پائے ۔ اپنی سابقہ درخواست میں انصاری نے مطالبہ کیا تھا کہ ان کی بیٹی کے قاتل کو اسی مقام پر پھانسی دی جائے جہاں اس نے لڑکی کو ہلاک کیا تھا ۔ لڑکی کی والدہ نے کہا کہ خاطی کو سنگسار کردیا جانا چاہئے ۔