پاکستان کے کرتارپور میں سکھ زائدین کیلئے ریلوے اسٹیشن کی تعمیر

اسلام آباد ۔ 27 نومبر ۔(سیاست ڈاٹ کام) حکومت پاکستان کرتارپور میں ایک ریلوے اسٹیشن کی تعمیر کیلئے اراضی فراہم کرے گی جبکہ ملک بھر میں جہاں جہاں سکھوں کے مقدس مقامات ہیں وہاں بھی زائرین کے قیام و طعام کیلئے ہوٹلیں تعمیر کی جائیں گی۔ وفاقی وزیر ریلویز شیخ راشد احمد نے بتایا کہ حکومت کرتارپور ، نانکانہ صاحب اور ناروال میں سکھ تنظیموں کو ہوٹلس کی تعمیر کیلئے اراضی فراہم کرے گی جبکہ کرتارپور میں ایک ریلوے اسٹیشن کی تعمیر کیلئے بھی اراضی فراہم کی جائے گی ۔ سکھ مذہب کے بانی گرونانک دیو کی 549 ویں یوم پیدائش منانے کیلئے تقریبات میں شرکت کے بعد لاہور جانے والے سکھ زائرین کو الوداع کہنے کے بعد اخباری نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے یہ بات کہی جو دراصل ہند۔پاک پنجاب کے گرداسپور میں واقع ڈیرہ بابا نانک اور پاکستان کے کرتارپور میں گردوارہ دربار صاحب کو مربوط کرنے کیلئے ایک راہداری کی تعمیر کا فیصلہ ہے ۔ اس سلسلہ میں ہندوستان کے کرتارپور راہداری کیلئے ہندوستان میں پیر کے روز سنگ بنیاد رکھا گیا جبکہ چہارشنبہ کو پاکستان میں بھی سنگ بنیاد کی رسم ادا کی جائے گی ۔