پاکستان کے وزیر راکٹ حملہ میں بال بال بچ گئے

اسلام آباد ۔ 6 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے وزیرصحت راکٹ حملہ میں اس وقت بال بال بچ گئے جب نامعلوم حملہ آوروں نے ان کے قافلہ کو نشانہ بنایا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق نامعلوم حملہ آوروں نے وزیرصحت رحمت صالح بلوچ کے قافلہ کو پنجگور مستقر میں نشانہ بنایا جس میں وزیرموصوف اور ان کے دیگر مددگار محفوظ رہے۔ پنجگور کے اسسٹنٹ پولیس کمشنر عبدالجبار کے حوالہ سے انگریزی اخبار ڈان نے یہ اطلاع دی۔ یاد رہیکہ حملہ آور ہمہ اقسام کے ہتھیاروں بشمول راکٹس کا استعمال کرتے ہیں تاہم جس وقت سیکوریٹی فورسیس نے جوابی کارروائی کی تو نامعلوم حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ یہاں اس بات کا تذکرہ بھی ضروری ہیکہ بلوچستان میں زائد از ایک دہے تشدد اور ٹارگیٹیڈ ہلاکتوں کا سلسلہ جاری ہے۔