پاکستان کے وزیر اطلاعات کی اپوزیشن سے معذرت خواہی

اسلام آباد،27ستمبر(سیاست ڈاٹ کام)پاکستان کے وزیر اطلاعات و نشریات کے وزیر فواد چودھری نے جمعرات کو اپوزیشن کے خلاف ناشائستہ زبان کے استعمال کے لئے معافی مانگی اور اس کے بعد اپوزیشن نے قومی اسمبلی کی کارروائی میں حصہ لیا۔اس سے پہلے اپوزیشن پارٹیوں نے مسٹر چودھری کے ان کے تئیں ناشائستہ زبان استعمال کرنے کے احتجاج میں قومی اسمبلی کا بائیکاٹ کرتے ہوئے اعلان کیا تھا کہ جب تک وہ (مسٹر چودھری)معافی نہیں مانگتے ،اپوزیشن ایوان کی کارروائی میں حصہ نہیں لے گا۔اپوزیشن پارٹیوں نے پاکستان پیپلس پارٹی (پی پی پی)اور پاکستان مسلم لیگ،نواز (پی ایم ایل این)کے اراکین کو ‘ڈاکواور چور’کہے جانے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اطلاعات و نشریات کے وزیر جب تک اس کے لئے معافی نہیں مانگتے ،اپوزیشن ایوان کی کارروائی میں شریک نہیں ہوگا۔ڈان نیوز کے مطابق وزیر اطلاعات و نشریات کے اس الزام پر کہ ایوان میں اپوزیشن کے سابق لیڈر سید خورشید شاہ نے محض تین گھنٹے کے اندر پاکستان نشریات کارپوریشن میں 800لوگوں کی تقرری کی ہے ،پی پی پی کی نفیسہ شاہ نے مسٹر چودھری کے خلاف ایوان میں استحقاق شکنی کی تجویز رکھی۔یہ تجویز رکھے جانے کے بعد ہی ہنگامہ ہوا۔