پاکستان کے قومی سلامتی مشیر ناصر جنجوعہ مستعفی

اسلام آباد۔ 27جون (سیاست ڈاٹ کام)پاکستان کے قومی سلامتی کے مشیر ریٹائرڈ لیفٹننٹ جنرل ناصر جنجوعہ نے آج اپنے عہدہ سے استعفیٰ دے دیا جس کے بعد یہ چہ میگوئیاں کی جارہی ہیں کہ موصوف کے ملک کے نگرانکار وزیراعظم ناصرالملک کیساتھ نظریاتی اختلافات تھے۔ وزیراعظم نے جنجوعہ کا استعفیٰ قبول کرلیا جبکہ کابینی ڈیویژن نے بھی ایک اعلامیہ جاری کیا، حالانکہ جنجوعہ کے استعفیٰ کی قطعی وجوہات ہنوز نامعلوم ہیں تاہم حکومتی ذرائع نے بتایا کہ جنجوعہ کو وزیراعظم ناصرالملک کیساتھ عدم اطمینان کی صورتحال کا سامنا تھا۔ اب تک جنجوعہ کے متبادل کا اعلان نہیں کیا گیا ہے لیکن یہ بھی ایک اتفاق ہے کہ ان کا استعفیٰ ایک ایسے وقت سامنے آیا ہے جب کابینہ میں ریٹائرڈ لیفٹننٹ جنرل خالد نعیم لودھی کو شامل کیا گیا ہے۔