پاکستان کے ضلع چترال میں سیلاب، دو ہلاک

اسلام آباد ۔ 21 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان میں اچانک سیلاب کی وجہ سے دو افراد ہلاک ہوگئے اور ملک کے شمالی پہاڑی ضلع چترال میں راحت کاری پہنچانے کیلئے حکام کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ صوبہ خیبرپختونخواہ اور افغان سرحد کے قریب واقع چترال میں گذشتہ ایک ہفتہ سے موسلادھار بارش ہورہی ہے اور یہاں انتظامیہ عملاً مفلوج ہوگیا ہے۔ کمشنر ملاکند ریجن محمود وزیر نے بتایا کہ سیلاب کی وجہ سے دو افراد ہلاک ہوگئے اور تقریباً 160 مکانات تباہ ہوگئے۔ سیلاب کے باعث ضلع میں انفراسٹرکچر کو کافی نقصان پہنچا۔ 38 سڑکیں اور 14 برجس پانی میں بہہ گئے جبکہ کئی علاقوں کا رابطہ منقطع ہوگیا ہے۔ چترال بھی ملک کے مابقی حصہ سے عملاً منقطع ہوچکا ہے کیونکہ اہم شاہراہ کو بارش کے باعث بند کردیا گیا ہے۔ پانی میں پھنسے لوگوں کو بچانے کیلئے فوج کی مدد طلب کی گئی ہے اور ہیلی کاپٹرس استعمال کئے جارہے ہیں۔ یہاں پینے کے پانی کی بھی شدید قلت ہے کیونکہ پانی سربراہ کرنے والے کئی پراجکٹس سیلاب کی نذر ہوگئے۔ وزیراعظم نواز شریف نے عہدیداروں کو راحت کاری اقدامات کی ہدایت دی۔ ان کے دفتر نے کہاکہ وہ آج چترال کا دورہ کرنا چاہتے تھے لیکن خراب موسم کی وجہ سے لاہور میں پھنس گئے۔ اس دوران پاکستانی مقبوضہ کشمیر کے گلگت ۔ بلتستان علاقہ میں بھی تیز بارش اور سیلاب کی اطلاعات ہیں جہاں ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے حکام کو چوکس کردیا گیا ہے۔