پاکستان کے سنیما ہال میں ’’بجرنگی بھائی جان ‘‘کیلئے شائقین کا ہجوم

لاہور۔ 29 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) ’’بجرنگی بھائی جان‘‘ اب ہندوستان کے علاوہ پاکستان میں بھی ہٹ ہوگئی ہے جس کی سب سے اہم وجہ یہ بتائی جارہی ہے کہ فلم میں ہند و پاک کے تئیں مثبت جذبات کی عکاسی کی گئی ہے، نہ ہندوستان کے خلاف کوئی مواد ہے نہ پاکستان کے خلاف بلکہ محبت کا پیغام ہے۔ فلم کو ریلیز ہوئے زائد از ایک ہفتہ گذر چکا ہے لیکن سنیما ہال میں شائقین کی بھیڑ بھاڑ کا وہی عالم ہے جو فلم کی ریلیز کے پہلے روز تھا تھیٹر مالکان کا کہنا ہے کہ فلم بینوں کی اتنی بڑی تعداد آج تک کسی بھی پاکستانی فلم کو دیکھنے کیلئے نہیں آئی۔ فلم کے اختتام کے بعد تھیٹر سے باہر نکلنے والوں کی آنکھیں بھی نم دیکھی گئیں۔ فلم کی کہانی کے مطابق سلمان خان کو ایک بھولا بھالا اور بھگوان سے ڈرنے والا ایماندار شخص بتایا گیا ہے۔ حالات کچھ اس طرح موڑ اختیار کرتے ہیں کہ اسے ایک سات سالہ معصوم پاکستانی لڑکی سے سابقہ پڑتا ہے جو گونگی ہے اور اپنے والدین سے سمجھوتہ ایکسپریس میں سفر کے دوران بچھڑ جاتی ہے۔ سلمان خاں اس معصوم بچی کو پاکستان لے جاکر اس کے والدین سے ملانے کا بیڑہ اٹھاتا ہے۔ لاہور کے سنے اسٹار سنیما کے شاہ رضا نے بتایا کہ وہ گزشتہ سات سال سے تھیٹر میں ملازم ہے لیکن آج تک شائقین کی اتنی بڑی تعداد کو تھیٹر سے نمناک آنکھوں کے ساتھ باہر نکلتے ہوئے نہیں دیکھا۔ رضا ٹکٹ کاؤنٹر پر ٹکٹس فروخت کرتا ہے۔ اس نے کہا کہ ٹکٹ خریدنے کے بعد شائقین بے حد مسرور نظر آتے ہیں۔