پاکستان کی نئی 21رکنی کابینہ کا اعلان

قریشی وزیر خارجہ اور عمر وزیر فینانس ‘ ریٹائرڈ جنرل پرویز مشرف کے وزراء کلیدی عہدوں پر

اسلام آباد ۔ 19اگست ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے اپنی 21رکنی کابینہ کی نقاب کشائی کی ہے ۔ جس کے بیشتر کلیدی عہدوں پر پاکستان کے سابق فوجی حکمراں ریٹائرڈ جنرل پرویز مشرف کے وزراء ہیں ‘ جن 21ناموں کا اعلان کیا گیاہے ان میں سے 16 وزراء اور 5عمران خان کے مشیر ہوں گے ۔ تحریک انصاف پارٹی کے ترجمان فواد چودھری نے کل کرکٹ کھلاڑی سے سیاستداں بننے والے عمران خان کی بحیثیت 22ویں وزیراعظم پاکستان حلف اٹھانے کے چند گھنٹوں بعد اعلان کیا ۔ فہرست کے بموجب چودھری نے اپنے ٹوئیٹر پر کہا کہ نامور سیاستداں شاہ محمد قریشی وزیر خارجہ ہوں گے ۔ قریشی پارٹی کے نائب صدر ہیں اور 2000سے 2011تک پاکستان پیپلز پارٹی حکومت میں جب کہ 2008ء کا ممبئی دہشت گرد حملہ ہوا تھا وزیر خارجہ تھے ۔ انہوں نے پاکستان پیپلز پارٹی کی نمائندگی کرتے ہوئے نئی دہلی کا دورہ کیا تھا ‘ جب کہ 10پاکستانی لشکر طیبہ دہشت گردوں نے ہندوستان کے معاشی دارالحکومت میں حملہ کیا تھا ۔ پرویز خٹک کو وزیر دفاع اور اسد عمر کو وزیر فینانس مقرر کیا گیا ہے ۔ خٹک خیبرپختونخواہ صوبہ کے 2013 تا 2018ء چیف منسٹر رہ چکے ہیں ۔ اسد عمر سابق لیفٹننٹ جنرل محمد عمر کے فرزند ہیں جو پاکستانی فوج میں 1971ء کی جنگ کے دوران برسرکار تھے جبکہ ہندوستان سے پاکستان کی جنگ ہوئی تھی ۔ نیا اعلان کابینہ کے بارے میں امکان ہے کہ کل قصر صدارت سے اعلان کیا جائے گا ۔ عمران خان کابینہ کے کم از کم 12ارکان ریٹائرڈ جنرل پرویز مشرف کی کابینہ میں شامل تھے ۔روزنامہ دی نیوز نے اس کی اطلاع دی ہے ۔