پاکستان کی خصوصی فورس تشکیل

اسلام آباد۔ 27 فبروری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خطرے سے نمٹنے کیلئے خصوصی فورس اور انٹیلیجنس شیئرنگ ڈپارٹمنٹ تشکیل دیا جائے گا۔ اس حوالے سے پاکستانی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے کل پارلیمنٹ میں نئی داخلی سکیورٹی پالیسی کا مسودہ پیش کیا۔ اس مسودے میں کہا گیا ہے کہ خصوصی فورس جدید ہتھیاروں سے لیس ہو گی اور اسے گن شپ ہیلی کاپٹر بھی دستیاب ہوں گے۔ نثار علی خان کا کہنا تھا کہ حکومتی فورسز دہشت گردی کی کارروائیوں کے ردِ عمل میں شدت پسندوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بناتی رہیں گی۔

برآمدات کیلئے سازگار ماحول ضروری
اسلام آباد۔ 27 فبروری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان نے آج اپنی برآمدات برائے ہندوستان کیلئے مارکٹ تک سودمند رسائی اور سازگار ماحول پیدا کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تمام حاملین مفاد کو بہتر باہمی تجارتی تعلقات کی ضرورت پر اعتماد میں لیا گیا ہے۔ وزیر فینانس اسحاق ڈار نے ہندوستان کے ساتھ تجارت کا جائزہ لینے والی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ان باتوں کی نشاندہی کی ۔ انھوں نے کہاکہ یہ یقینی بنایا جانا چاہئے کہ تمام تر رعایتیں جوابی اساس پر ہوں اور پاکستانی صنعت کی فکرمندی کو مستقبل کے انتظامات یا معاہدوں میں ملحوظ رکھا جائے۔ انھوں نے کہا کہ مارکٹ تک رسائی فائدہ مند ہونا ضروری ہے۔