پاکستان کی حکومت پنجاب کا بسنت منانے پر 12 سالہ امتناع برخاست

لاہور۔ 18 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کی حکومت پنجاب نے آج 12 سال قدیم امتناع جو بسنت منانے پر عائد کیا گیا تھا، برخاست کردیا۔ اس طرح موسم سے متعلق یہ تہوار پنجابیوں کی جانب سے موسم بہار کے آغاز میں تمام علاقوں میں منایا جاسکے گا چاہے ان پنجابی شہریوں کا مذہبی عقیدہ کچھ بھی ہو۔ پنجاب کے وزیراطلاعات و تمدن فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ روایتی تہوار فبروری 2019ء کے دوسرے ہفتہ میں منایا جائے گا۔ کثیرالاشاعت پاکستانی روزنامہ ڈان نے اس کی اطلاع دی کہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چوہان نے کہا کہ ایک کمیٹی جو وزیرقانون پنجاب کی زیرقیادت قائم کی گئی ہے اور اس میں صوبائی چیف سکریٹری اور دیگر انتظامی عہدیدار شامل ہوں گے، تشکیل دی گئی ہے جو اس تہوار منانے کے منفی اثرات کا جائزہ لے گی اور ان پر قابو پانے کے طریقے تجویز کرے گی۔