پاکستان کی جانب سے محمد بن سلمان کو طلائی رائفل کا تحفہ

اسلام آباد ۔ 21 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) ایک ایسے وقت جبکہ پاکستان کو دہشت گردی کی وجہ سے سخت عالمی دباؤ کا سامنا ہے، اس کے باوجود معاشی طور پر کمزور اس ملک نے دورہ پر آئے سعودی ولیعہد محمد بن سلمان کو طلائی رائفل بطور تحفہ پیش کی۔ دریں اثناء نیوز انٹرنیشنل نے اپنی ایک رپورٹ میں بتایا کہ پاکستان سینیٹ کے وفد نے وزیراعظم کی رہائش گاہ پر محمد بن سلمان سے ملاقات کی جہاں سینیٹ کے صدرنشین صادق سنجرانی نے محمد بن سلمان کو ایک پورٹریٹ اور ایک طلائی رائفل بطور تحفہ پیش کی۔ یاد رہیکہ ولیعہد سعودی عرب کے وزیردفاع بھی ہیں۔ یہاں اس بات کا تذکرہ بھی ضروری ہیکہ جاریہ سال جنوری میں سعودی پرنس فہد بن سلطان بن عبدالعزیز السعود نے جو تبوک کے گورنر بھی ہیں، نے طلائی کلاشنکوف اور گولیاں وزیراعظم عمران خان کو بطور تحفہ دی تھیں۔ عمران خان نے اس روسی طلائی کلاشنکوف کو بطور تحفہ حاصل کرنے کے بعد شکریہ ادا کیا تھا۔