پاکستان کی آبادی 19 کروڑ تک پہنچ گئی؟

اسلام آباد، 7 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کی آبادی ایک اندازے کے مطابق 19 کروڑ تک پہنچ چکی ہے لیکن گزشتہ 16 سال سے مردم شماری نہیں کی گئی، اس کی کیا وجوہات ہیں، کیا موجودہ حالات میں مردم شماری ممکن ہے اور اگر ہو گی تو کتنا عرصہ اور کیا کچھ چاہئے؟ آئین پاکستان کے فورتھ شیڈول کے تحت ملک میں ہر 10 سال بعد مردم شماری کرانا ضروری ہے۔ میڈیا رپورٹ میں کہا گیا کہ مردم شماری جہاں پاکستان میں موجود افراد کے بارے میں مکمل معلومات فراہم کرتی ہے وہیں اس کی بنیاد پر صوبوں اور فاٹا میں قومی اسمبلی کی نشستوں کی تقسیم ہوتی ہے اور حلقہ بندیاں بھی کی جاتی ہیں۔ مردم شماری کی بنیاد پر ہی فنڈز کی تقسیم کے ادارے قومی مالیاتی کمیشن کی تشکیل ہوتی اور وفاقی ملازمتوں میں کوٹے کا تعین کیا جاتا ہے۔ پاکستان میں آخری بار مردم شماری 1998ء میں کی گئی، اس وقت بھی مسلم لیگ (این) کی حکومت تھی ۔ اس کے بعد 2008ء میں مردم شماری ہونا تھی مگر نہیں ہو سکی۔ 2011ء میں مردم شماری کے پہلے مرحلے کیلئے خانہ شماری کا کام تو کسی حد تک کیا گیا مگر اعداد و شمار مشترکہ مفادات کونسل میں پیش ہوئے تو صوبوں نے تسلیم کرنے سے انکار کر دیا۔