پاکستان کو 2025 ء تک ہندوستان کا حصہ بنایا جائے گا

آر ایس ایس کا ایجنڈہ ، 5 سال بعد مقصد میں کامیاب ہوں گے :اندریش کمار
نئی دہلی ۔ /17 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کو آئندہ پانچ سال بعد ہندوستان کا حصہ بنانے کے ایجنڈے پر کام کرنے کا ادعا کرتے ہوئے آر ایس ایس کے سینئر پرچارک اندریش کمار نے کہا کہ آپ اس بات کو ذہن نشین کرلیجئے کہ ہم 2025 ء کے بعد پاکستان کو ہندوستان کا حصہ بنادیں گے ۔ آر ایس ایس ایجنڈہ بہرحال روبہ عمل لایا جائے گا۔ 5 تا 7 سال بعد کراچی ، لاہور ، راؤلپنڈی اور سیالکوٹ کے علاوہ پاکستان کے کسی بھی شہر میں آپ مکان خریدیں گے اور آپ کو تجارت کا موقع حاصل ہوگا ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ عنقریب ’’اکھنڈ بھارت ‘‘کا خواب پورا ہوجائے گا ۔ آر ایس ایس کے نظریہ کے مطابق اکھنڈ بھارت کا مطلب نہ صرف پاکستان ، بنگلہ دیش ہے بلکہ نیپال کو بھی اس میں شامل کیا جارہا ہے اور بہت جلد سارے ممالک ہندوتوا پراجکٹ کا حصہ ہوں گے ۔ انہوں نے کہا 1947 ء سے پہلے پاکستان نہیں تھا ۔ سن 1945 ء سے پہلے وہ ہندوستان تھا اور 2025 ء کے بعد وہ دوبارہ ہندوستان ہونے والا ہے ۔