پاکستان کو چین کا 2.5 بلین ڈالر کا قرض

اسلام آباد ۔ 2 فبروری۔(سیاست ڈاٹ کام) چین پڑوسی ملک پاکستان کو 2.5 بلین امریکی ڈالر بطور قرض فراہم کرے گا تاکہ اپنے تمام وقتوں کے حلیف کے بیرونی زر مبادلہ ذخائر کو فروغ دیا جاسکے ، ایک میڈیا رپورٹ میں آج یہ بات کہی گئی ۔ پاکستان نقدی کے بیرونی ذخائر سے لگ بھگ محروم ہوچکا ہے اور اُس پر بیرونی قرض بڑھتا جارہاہے ۔ اس ملک کے 8.12 بلین ڈالر کے ذخائر جو انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ اور ورلڈ بینک کی مصرحہ اقل ترین سطح سے نیچے ہے ، صرف سات ہفتوں کی درآمدات کا احاطہ کرنے کی قدر رکھتے ہیں ۔ اس کے باعث ورلڈ بینک اور ایشین ڈیولپمنٹ بینک بجٹ فینانسنگ کیلئے قرضے نہیں دے رہے ہیں ۔ دی ایکسپریس ٹریبیون کو یہاں وزارت فینانس کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے بتایا کہ بیجنگ سنٹرل بینک کے پاس 2.5 بلین ڈالر ڈپازٹ کرائے گا ۔ اخبار نے کہاکہ 2.5 بلین ڈالر کے ڈپازٹس کو ملحوظ رکھتے ہوئے چین کی صرف جاریہ مالی سال ہی اعانت 4.5 بلین ڈالر تک پہونچ جائے گی ۔ پاکستان کو بیرونی ذخائر کی برقراری میں دقت پیش آرہی ہے جو موجودہ طورپر دو ماہ کی درآمدات کی پابجائی تک کیلئے کافی نہیں ہے ۔ حالانکہ پاکستان کو مشرق وسطیٰ کے دو ملکوں کی طرف سے چار بلین ڈالر بطور قرض وصول ہوچکے ہیں ۔