پاکستان کو سعودی عرب اور امارات سے دو ارب ڈالر موصول

رقومات کی شدید قلت سے متاثرہ ملک کو بچانے دو خلیجی ملکوں کا پیاکیج
کراچی ۔ 25 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) نقد سرمایہ کی قلت سے بدترین متاثرہ ملک پاکستان کو متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب سے دو ارب امریکی ڈالر موصول ہوئے ہیں۔ اسلام آباد میں بیرونی زرمبادلہ کے گھٹتے ہوئے ذخائر کو مستحکم بنانے مدد کے طور پر ان دونوں خلیجی ممالک نے خصوصی مالی راحت پیاکیج کے طور پر فی کس ایک ارب امریکی ڈالر کی امداد دی ہے۔ پاکستان سنٹرل بینک، اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) نے قربی حلیف سعودی عرب سے توازن ادائیات میں مدد کے ایک حصہ کے طور پر ارب امریکی ڈالر کی وصولی کی آج توثیق کی۔ ایس بی پی نے ٹوئیٹر پر لکھا کہ متحدہ عرب امارات سے بھی ایک ارب امریکی ڈالر موصول ہوئے ہیں۔ یہ امداد اس خلیجی ملک کی طرف سے معلنہ تین ارب امریکی ڈالر کی امداد کی پہلی قسط ہے۔ ایس بی پی نے کہا کہ ایس بی پی کے گورنر طارق باجوہ اور ابوظبی فنڈ برائے ترقیات کے ڈائرکٹر جنرل سیف السویدی کے درمیان مکل کو دستخط شدہ معاہدہ کے تحت یہ رقم موصول ہوئی ہے۔ سعودی عرب نے پاکستان کو چھ ارب امریکی ڈالر کی امداد دینے کا اعلان کیا ہے جس میں 3 ارب توازن ادائیات میں مدد اور دیگر تین ارب ڈالر تیل کی درآمدات پر متفرق ادائیات سے متعلق ہیں جن سے ریاض نے گذشتہ سال اکٹوبر میں اعلان کیا تھا۔