پاکستان کو تیسرے ونڈے میں بھی شکست ،آسٹریلیا کے نام سیریز

ابوظہبی۔28 مارچ (سیاست ڈاٹ کام ) آسٹریلیا نے پاکستان کو تیسرے ونڈے میں80 رنز سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز میں3-0 کی ناقابل تسخیر برتری قائم کر لی ہے ۔آسٹریلیا کے خلاف کھیلے گئے تیسرے میچ میں پاکستان جیت کے لئے267 رنز کے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو امام الحق اور شان مسعود نے اننگز کا محتاط انداز میں آغاز کیا لیکن پانچویں ہی اوور میں شان مسعود صرف2 رنز بناکر آؤٹ ہوئے ۔شان مسعود کے بعد آنے حارث سہیل بھی صرف ایک رن بناکر چلتے بنے ، دونوں کھلاڑیوں کو پیٹ کمنز نے پویلین کی راہ دکھائی۔کمنزکا تیسرا شکار محمد رضوان بنے جواپنا کھاتہ بھی نہ کھول سکے ۔امام الحق اور شعیب ملک نے چوتھی وکٹ کے لئے 59رنز جوڑے جس کے بعد امام الحق46 رنز بناکر میکسویل کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے۔ شعیب ملک بھی 32 رنز بناکر ناتھن لیون کا شکار بن گئے ۔ عمراکمل اورعماد وسیم نے چھٹی وکٹ کے لئے53 رنز جوڑے جس کے بعدعمر اکمل ایک با ر پھر 36رنزاسکو رکرنے کے بعد غیر ذمہ درانہ شاٹ کھیل کربہرنڈوف کا شکار بنے ۔ایڈم زمپا نے عماد وسیم کو43 اورعثمان شنواری کو بغیر کوئی رن بنانے کا موقع دیئے پویلین بھیجا۔ جنید خان5رنز بناکر زمپا کی تیسری وکٹ بنے ۔اس سے قبل آسٹریلیائی ٹیم کے کپتان ایرون فنچ نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ آسٹریلیا کی جانب سے عثمان خواجہ اور ارون فنچ نے اننگز کا آغاز کیا۔ عثمان بغیر کوئی رنز بنائے عثمان شنواری کی بولنگ پر پویلین واپس لوٹ گئے جس کے بعد شان مارش بیٹنگ کے لئے آئے وہ بھی14 رنز کے مہمان ثابت ہوئے،انہیں جنید خان نے آؤٹ کیا ۔کپتان فنچ اور پیٹر ہینڈ اسکومب نے تیسری وکٹ کے لیے 84 رنز جوڑے جس کے بعد ہینڈ اسکومب 47 رنز بنا کر حارث سہیل کی گیند پر بولڈ ہوئے ۔مارکس اسٹوئنس نے فنچ کے ساتھ چوتھی وکٹ کے لیے 36رنز جوڑے جس کے بعد اسٹوئنس10رنز بنا کر عماد وسیم کا شکار بنے ۔فنچ اور میکسویل نے پانچویں وکٹ کے لیے 48 رنز جوڑے جس کے بعد فنچ90 رنز بنا کر یاسر شاہ کا شکار بن گئے اور مسلسل 3سنچریا ں اسکور کرنے والے پہلے آسٹریلیائی بیٹسمین بننے سے محروم رہے ۔گلین میکسویل نے اپنی18ویں نصف سنچری مکمل کی وہ ایلکس کیری کے ساتھ ملکرچھٹی وکٹ کے لئے 60رنز جوڑنے کے بعد محمد رضوان کی شاندار تھرو کے نتیجے میں71رنز اسکورکرکے رن آؤٹ ہوئے ۔آسٹریلیا نے مقررہ 50 اوورز میں 266 رنز بنائے ۔ پاکستان کیلئے عثمان شنواری، جنید خان، عماد وسیم، یاسر شاہ اور حارث سہیل نے فی کس ایک وکٹ لی۔ پاکستان کی ٹیم اس ہدف کے سامنے 44.4 اوور میں 186 رن پر آل آؤٹ ہو گئی۔