پاکستان کو بات چیت میں شرائط قبول نہیں

اسلام آباد ۔ 6 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان نے آج وزیردفاع ارون جیٹلی کے ان ریمارکس پر شدید ردعمل ظاہر کیا کہ اسے یہ طئے کرلینا چاہئے کہ آیا ہندوستان سے بات چیت کی خواہش ہے یا علحدگی پسند کشمیری قائدین سے وابستگی مطلوب ہے۔ پاکستان نے کہا کہ اسے عمل مذاکرات میں کوئی بھی شرط قبول نہیں۔ جیٹلی کے نئی دہلی میں انڈیا اکنامک سمٹ میں خطاب کے دوران پاکستان سے متعلق ریمارکس پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے پاکستان کے دفترخارجہ کی ترجمان تسنیم اسلم نے کہا، ’’جیسا کہ ہم کہتے آئے ہیں کہ پاکستان اور ہندوستان کے درمیان مذاکرات کسی ایک ملک کی طرف سے دیگر پر احسان نہیں ہیں۔ پاکستان اور ہندوستان کے درمیان بات چیت اس خطہ میں امن کیلئے ضرورت ہے تاکہ جنوبی ایشیاء بھی معاشی ترقی اور عوام کی بہبود پر توجہ مرکوز کرسکے‘‘۔