پاکستان کو افغان شورش پسندوں سے روابط منقطع کرنا چاہئے : سینیٹر

اسلام آباد ۔ 19 اپریل ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستانی سینیٹ میں اپوزیشن کے ایک قانون ساز نے کہا کہ ملک کو افغان شورش پسندوں کے ساتھ اپنے روابط ختم کردینے چاہئے کیونکہ اگر ملک آرٹیکل 40 پر پابندی کے ساتھ کاربند رہنا چاہتا ہے تو اس کے لئے یہ کرنا ضروری ہے ۔ سینیٹر فرحت اﷲ بابر نے آرٹیکل 40 پڑھتے ہوئے کہا کہ اگر پاکستان اس آرٹیکل سے وابستگی رکھنا چاہتا ہے

تو اسے افغان شورش پسندوں سے مبینہ روابط منقطع کرنے ہوں گے اور افغان جنگجوؤں کو پاکستان میں پناہ دینے کا سلسلہ بند کرنا چاہئے۔ معروف انگریزی اخبار ڈان کے مطابق اپوزیشن قانون ساز خارجہ پالیسی پر منعقد کئے گئے ایک مباحثہ میں اپنے خیالات کا اظہار کررہے تھے جسے پاکستان پیپلز پارٹی (PPP) کے سینیٹر رضا ربانی نے پیش کیا تھا ۔ فرحت اﷲ بابر نے مزید کہا کہ تمام پارٹیاں ایک ایسی جمہوری حکومت کی تائید کریں گی جو خارجہ پالیسی سازی میں پیش پیش ہو بہ نسبت ایک ایسی حکومت کے جسے جوابدہ ہونے اور مواخذہ کی کوئی پرواہ نہ ہو۔