پاکستان کو آئی ایم ایف کا بیل آؤٹ

کراچی ۔ 29 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) کمزور معیشت کا شکار پاکستان کو ممکنہ طور پر 6 بلین ڈالرس سے 12 بلین ڈالرس کے درمیان ایک بیل آؤٹ پیاکیج ملنے کی امید ہے جو اسے ماہ مئی کے وسط تک بین الاقوامی مانیٹری فنڈ (IMF) سے ملنے والے ہیں۔ پاکستان کے وزیر مالیات اسد عمر نے کہا کہ فریقین کی جانب سے معاہدہ کے شرائط کی تکمیل ہوچکی ہے۔ یاد رہیکہ پاکستان تحریک انصاف پارٹی (پی ٹی آئی) کی قیادت میں وزیراعظم عمران خان کی حکومت کو اس وقت شدید معاشی بحران کا سامنا ہے جس کیلئے پاکستان نے اپنے قریبی حلیف ممالک چین، سعودی عرب اور یو اے ای سے بیل آؤٹ کرنے کی درخواست کی تھی جسے جزوی طور پر ان ممالک نے تسلیم بھی کیا ہے اور پاکستان کو معاشی بحران سے نکالنے کی کوشش کی۔ اسد عمر نے کہا کہ اب ہم ’’لینڈنگ زون‘‘ کی جانب پیشرفت کررہے ہیں۔ فینانشیل ٹائمز سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان کے موقف اور آئی ایم ایف کے موقف کے درمیان پائی جانے والی خلیج اب کچھ ماہ قبل پائی جانے والی خلیج سے کم ہوگئی ہے۔ عمر اسد نے یہ بیان آئی ایم ایف مشن چیف برائے پاکستان ارنیسٹو رامی ریزریگو سے ملاقات کے بعد دیا۔