پاکستان کل جماعتی اجلاس ‘ مشترکہ امیدوار پر اتفاق

اسلام آباد ۔ 26 اگست ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان مسلم لیگ(نواز) کا کہنا ہے کہ صدارتی انتخابات میں اپوزیشن جماعتوں نے مشترکہ صدارتی امیدوار لانے پر اتفاق کیا ہے۔پنجاب کے شہر مری میں ہونے والی کل جماعتی کانفرنس کے بعد ن لیگ کے سینیئر رہنما احسن اقبال نے ذرائع ابلاغ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن نے مشترکہ صدارتی امیدوار لانے پر اصولی اتفاق کیا ہے۔پاکستان مسلم لیگ(نواز) کی جانب سے بلائی ہوئی کل جماعتی اجلاس مری میں نواز شریف کی رہائش گاہ پر منعقد کی گئی تھی جس میں پاکستان پیپلز پارٹی، متحدہ مجلس عمل، نیشنل پارٹی (این پی) اور عوامی نیشنل پارٹی سمیت دیگر سیاسی جماعتوں کے وفود نے شرکت کی۔احسن اقبال نے کہا کہ اجلاس میں مشترکہ صدارتی امیدوار لانے کے حوالے سے قابل عمل تجاویز زیر غور آئیں جس پر پاکستان پیپلز پارٹی کے وفد نے اپنی قیادت سے مشورہ کرنے کے لیے رات تک کا وقت لیا ہے۔’باقی اپوزیشن کی جماعتوں نے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف کو یہ اختیار دیا ہے کہ وہ تمام اپوزیشن جماعتوں کی مشاورت سے کل (اتوار) باضابطہ طور پر الائنس کے مشترکہ امیدوار کا اعلان کر دیں۔‘پیپلز پارٹی کا مشاورتی اجلاس رات گئے تک جاری رہا جس کے بعد پارٹی کے ایک وفد نے جمعیت علمائے اسلام (فضل) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی اور ان کو پارٹی کے موقف کے بارے میں آگاہ کیا۔مولانا فضل الرحمان نے مقامی ذرائع ابلاغ میں ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ وہ پیپلز پارٹی کا پیغام مسلم لیگ(نواز) کے صدر شہباز شریف کو پہنچائیں گے تاکہ مشاروت کر کے اتفاق رائے سے مشترکہ صدارتی امیدوار لایا جا سکے۔پیپلز پارٹی کے ذرائع نے بتایا کہ اس وقت مختلف رہنماؤں سے مشاورت اور سنجیدہ بات چیت جاری ہے۔حکمراں جماعت پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے ڈاکٹر عارف علوی کو صدارتی امیدوار نامزد کیا گیا ہے جبکہ پیپلز پارٹی نے اعتزاز احسن کو صدارتی امیدوار نامزد کیا۔تاہم پاکستان مسلم لیگ(نواز) کو اعتزاز احسن کے نام پر تحفظات ہیں۔