پاکستان کا کلبھوشن کو دہشت گردوں میں شامل کرنے کا مطالبہ

اسلام آباد ۔ 26جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان نے اقوام متحدہ سے ہندوستانی جاسوس کلبھوشن کو نامزد مشتبہ بین الاقوامی دہشت گردوں کی فہرست میں شامل کرنے کا مطالبہ کردیا۔ پاکستان کا کہنا ہے کہ کوئی بھی ملک حافظ سعید اور ان سے منسلک تنظیموں کے خلاف ٹھوس ثبوت دے تو بھرپور کارروائی کریں ۔ پاکستان نے کلبھوشن جادھو کو نامزد مشتبہ بین الاقوامی دہشت گرد وں کی فہرست میں شامل کرنے کی سفارشات پاکستان کا دورہ کرنے والی اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی خصوصی ٹیم کے سامنے رکھیں۔پاکستان نے ٹیم کو بتایا کہ کس طرح ہندوستان کا جاسوس تحریک طالبان، القاعدہ اور داعش کے ساتھ مل کر افغانستان میں بیٹھ کر پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث تھا۔کلبھوشن کے دہشت گرد تنظیموں کے ساتھ ملکرکام کرنے کے ٹھوس ثبوت بھی سلامتی کونسل کی جائزہ ٹیم کے حوالے کیے گئے- سلامتی کونسل کی لسٹ کے مطابق اس وقت 27تنظیمیں اور 35افراد مبینہ طور پر پاکستان میں سرگرم ہیں۔لشکر طیبہ،جماعت الدعوہ اور فلاح انسانیت اور ان سے جڑے افراد کے خلاف اقوام متحدہ کی قرارداد کے تحت اقدامات کا جائزہ لینے کیلیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی خصوصی ٹیم پاکستان پہنچی تھی۔اقوام متحدہ کی ٹیم کے ساتھ تحریک طالبان اور افغانستان کا معاملہ بھی اٹھایا جہاں سے ملا فضل اللہ اور اسکے کمانڈرزمبینہ طور پرسرگرم ہیں۔