پاکستان کا چینی کمپنی علی بابا کے ساتھ معاہدہ

اسلام آباد ۔ 16 مئی (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان نے آج چین کی ٹیکنالوجی کے شعبہ میں بڑی کمپنی تصور کی جانے والی علی بابا کے ساتھ چھوٹی اور درمیانہ تجارتی پروڈکٹس کے فروغ کیلئے ایک معاہدہ پر دستخط کئے۔ ان پروڈکٹس کو عالمی سطح پر اس کے ای ۔ کامرس پلیٹ فارم سے پروموٹ کیا جائے گا۔ اس سلسلہ میں اسمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزس کیلئے آن لائن اور آف لائن تربیتی پروگرام بھی شروع کیا جائے گا تاکہ کمپنی کے پلیٹ فارم کا حصہ بننے کے بعد انہیں ہر طرح کی سہولت اور تعاون فراہم کیا جائے۔ علی بابا اور ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھاریٹی آف پاکستان (TDAP) کے درمیان یادداشت مفاہمت پر وزیر کامرس خرم دستگیر اور علی بابا گروپ کے صدر مائیگل ایوانس کے علاوہ سینئر وائس پریسیڈنٹ آف گلوبل بزنس آف اینٹ فائنانشیل ڈگلس فیگین نے دستخط کئے۔ یاد رہیکہ وزیراعظم نواز شریف نے چین میں کمپنی کے ہیڈکوارٹرس کا دورہ کیا تھا جہاں وہ علی بابا گروپ کے ایگزیکیٹیو صدرنشین جیک ما کے ساتھ یادداشت مفاہمت پر دستخط کے وقت موجود تھے۔ پاکستان کی اسوسی ایٹیڈ پریس نے یہ اطلاع دی۔