پاکستان کا نیوکلیائی قابلیت والے بیلسٹک میزائل کا تجربہ

اسلام آباد ، 13 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان نے درمیانے فاصلے تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائل شاہین ٹو حتف سکس کا کامیاب تجربہ کیا ہے جو 1500 کلو میٹر تک نیوکلیائی اور روایتی وار ہیڈز لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ پاکستانی صدر اور وزیراعظم نے سائنس دانوں اور انجینئروں کو اس غیرمعمولی کامیابی پر مبارکباد دی ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق یہ تجربہ آرمی اسٹرٹیجک فورسز کی فیلڈ پر تربیتی مشق کے دوران کیا گیا جس کا مقصد اسٹرٹیجک میزائل گروپ کی عملی تیاریوں کو یقینی بنانا رہا۔ شاہین ٹو میزائل کے اس تجربے سے اس کے مختلف ڈیزائن اور فنی امور کو جانچا گیا ہے۔ یہ میزائل 1500 کلو میٹر تک روایتی اور جوہری وار ہیڈز لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ بحیرہ عرب میں کئے گئے اس تجربے کو ڈائریکٹر جنرل اسٹرٹیجک پلانز ڈویژن لیفٹیننٹ جنرل زبیر محمود حیات، کمانڈر آرمی اسٹرٹیجک فورسز کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عبیداللہ خان، چیئرمین نیسکام محمد عرفان برنی سمیت اسٹرٹیجک فورسز کے اعلیٰ افسران اور حربی اداروں کے سائنسدانوں اور انجینئروں نے بھی دیکھا۔ اس کامیاب تجربے اور اہم سنگ میل عبور کرنے پر صدر ممنون حسین اور وزیراعظم نواز شریف نے سائنسدانوں اور انجینئروں کو مبارکباد دی ہے۔