پاکستان کا سعودی عرب میں فوج تعینات کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد۔ 16 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان نے اپنی پالیسی میں زبردست ترمیم کرتے ہوئے سعودی عرب میں اپنی فوجیں تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے کیونکہ مملکت کے ساتھ سیکوریٹی کے شعبہ میں دو رخی تعاون کو قطعیت دی گئی تھی۔ سعودی عرب اس وقت پڑوسی ملک یمن میں جاری خانہ جنگی میں بھی الجھا ہوا ہے۔ فوجی سربراہ جنرل قمر جاوید باجوا اور سعودی عرب کے سفیر متعینہ پاکستان نواف سعیدالملکی کی ملاقات کے بعد پاکستانی فوج نے یہ اعلان کیا۔ یہ ملاقات کل راولپنڈی میں واقع فوجی ہیڈکوارٹرس پر ہوئی تھی۔ فوج کی جانب سے جاری کئے گئے بیان کے مطابق سعودی اور پاکستان کے درمیان دورخی سیکوریٹی تعاون کو مدنظر رکھتے ہوئے پاکستانی فوج کی ایک جمعیت کو ٹریننگ کے مقصد سے سعودی عرب روانہ کیا جائے گا جو فوجی پہلے سے وہاں تعینات ہیں ان کی خدمات سعودی عرب کے باہر حاصل نہیں کی جائیں گی۔ یاد رہیکہ سعودی عرب میں 1000 پاکستانی فوجی متعدد ایڈوائزری اور ٹریننگ مقاصد کیلئے پہلے ہی موجود ہیں۔