پاکستان :چینی قونصل خانہ پر حملہ کے سلسلہ میں دو افراد گرفتار

کراچی 25 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان میں دو افراد کو حال ہی میں چینی قونصل خانہ پر ہوئے حملے کے سلسلہ میں گرفتار کیا گیا ہے ۔ اس حملے میں سات افراد ہلاک ہوگئے تھے جن میں تین عسکریت پسند بھی شامل تھے ۔ میڈیا رپورٹس میں یہ بات بتائی گئی ۔ کہا گیا ہے کہ اس سلسلہ جن دو افراد کو گرفتار کیا گیا ہے وہ بھائی ہیں۔ وہ عبدالرزاق بلوچ کے بھائی بتائے گئے ہیں۔ عبدالرزاق بلوچ ان تین تخریب کاروں میں شامل تھا جو اس حملے میں ہلاک ہوگئے تھے اور ان کا بلوچستان لبریشن آرمی سے تعلق تھا ۔ اس تنظیم نے چینی قونصل خانہ پر حملہ کی ذمہ داری قبول کی تھی ۔ ڈان نیوز نے یہ اطلاع دی ۔ کہا گیا ہے کہ تحقیقاتی ایجنسیوں نے پتہ چلایا تھا کہ مہلوکین میں ایک عبدالرزاق بلوچ شامل تھا اور اس کا بلوچستان صوبہ میں کھاران ضلع سے تعلق تھا ۔ ہفتہ کو کھاران میں کئی مقامات پر دھاوے کئے گئے اور محمد اسلم اور خوشتی کو حراست میں لیا گیا ہے ۔ رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ بلوچستان کے وزیر داخلہ میر سلیم احمد کھوسا نے کہا کہ رزاق بلوچ کا نام گذشتہ دو سال سے لاپتہ افراد کی فہرست میں شامل تھا ۔ انہوں نے کہا کہ لاپتہ افراد کی فہرست میں کئی نام شامل ہیں اور کہا جا رہا ہے کہ وہ دہشت گردی کی ٹریننگ حاصل کرنے بیرون ملک روانہ ہوگئے ہیں۔ وزیر موصوف نے یہ دعوی کیا کہ بلوچستان لبریشن آرمی کا کمانڈر اسلم عرف اچھو بھی گذشتہ سال سکیوریٹی فورسیس کے ساتھ فائرنگ کے تبادلہ میں زخمی ہوگیا تھا تاہم وہ فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا تھا ۔ جمعہ کو انتہائی مسلح خود کش بمباروں نے چینی قونصل خانہ میں گھس کر دھماکہ کردیا تھا جس کے نتیجہ میں دو پولیس اہلکاروں سمیت چار افراد ہلاک ہوگئے تھے اور بعد میں ان تینوں کو بھی گولی ماردی گئی تھی ۔ سکیوریٹی فورسیس نے اس حملہ کو مزید تباہ کن ہونے سے بچا لیا تھا ۔ ان دہشت گردوں کے قبضہ سے نو دستی بم ‘ کلاشنکوف رائفلیں ‘ میگزینس اور دھماکو مادے وغْرہ بھی برآمد کئے گئے تھے ۔