پاکستان نے ہندوستانی قیدی کو چھ سال بعد رہا کردیا

لڑکی سے آن لائن دوستی پرممبئی کا نہال انصاری پاکستان پہونچا تھا
اسلام آباد ۔ 17 ڈسمبر۔(سیاست ڈاٹ کام) پاکستان نے ایک ہندوستانی قیدی حامد نہال انصاری کو چھ سال بعد آج رہا کردیا جس کو اس ملک کی انٹلیجنس ایجنسیوں نے 2012 ء میں حراست میں لے لیا تھا ۔ بعد ازاں پاکستان کا جعلی شناختی کارڈ رکھنے پر ایک فوجی عدالت نے 2019ء میں تین سال کی سزائے قید دی تھی ۔ 33 سالہ انصاری ممبئی کا ساکن ہے جس کو ایک فوجی عدالت نے 15 ڈسمبر 2015 ء کو تین سال کی سزائے قید دی تھی اور وہ پشاور جیل میں رکھا گیا تھا ۔ تین سالہ قید 15ڈسمبر 2018 ء کو ختم ہوئی ۔ تاہم وہ اپنی قانونی دستاویزات تیار نہ رہنے کے سبب ہندوستان کو واپسی کا سفر شروع نہیں کرسکا ۔ پشاور ہائی کورٹ نے حامد نہال انصاری کی وطن واپسی کا عمل مکمل کرنے کیلئے حکومت کو ایک ماہ کی مہلت دی ہے ۔ پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان محمد فیصل نے کہاکہ ’’انصاری کو سزاء کی تکمیل پر رہا کردیا گیا اور اب ہندوستان کو واپس بھیجا جارہا ہے ‘‘ ۔ اطلاعات کے مطابق حامد نہال کی ایک پاکستانی لڑکی سے آن لائن دوستی ہوگئی تھی اور وہ براہِ افغانستان ، پاکستان میں داخل ہوا تھا ۔