پاکستان نے بیرونی سفیروں کو کشمیر کی صورتحال سے واقف کرایا

اسلام آباد۔8 فبروری (سیاست ڈاٹ کام)پاکستان نے آج کہا ہے کہ اس نے تمام بیرونی سفارت کاروں کو جموں کشمیر میں مبینہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے بارے میں واقف کرایا ہے۔ دفتر خارجہ کی ترجمان نفیس ذکریا نے ایک بیان میں کہا کہ ایڈیشنل سکریٹری (اقوام متحدہ و ای سی) تسنیم اسلم نے دفتر خارجہ میں تمام بیرونی سفیروں کو صورتحال سے واقف کرایا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جموں کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر توجہ مرکوز کی گئی۔ واضح رہے کہ پاکستان میں 3 فروری کو یوم یگانگت کشمیر منایا گیا تھا۔ ذکریا نے کہا کہ ایڈیشنل سکریٹری نے کشمیر کے عوام کو اخلاقی سفارتی اور سیاسی تائید جاری رکھنے اور ان کے ساتھ یگانگت کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ قوام متحدہ سکیوریٹی کونسل قرارداد کے مطابق عوام کو ان کی رائے کی آزادی فراہم کرنے کے جائز حق کی تائید کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سلامتی کونسل کے ایجنڈے میں تنازعہ کشمیر بھی ایک اہم مسئلہ ہے۔ ایڈیشنل سکریٹری نے بین الاقوامی برادری پر زور دیا کہ وہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف ہندوستان کو متوجہ کریں۔ واضح رہے کہ جاریہ ہفتے پاکستان نے تنظیم اسلامی کانفرنس کے نمائندوں کو بھی اسی طرح کشمیر کی صورتحال سے واقف کرایا تھا۔