پاکستان میں 5000 دہشت گردوں کے کھاتے منجمد

اسلام آباد۔ 3 جون (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان نے 2014ء پشاور اسکول قتل عام کے بعد سے اب تک 5,000 سے زائد مشتبہ دہشت گردوں کے بینک کھاتے منجمد کردیئے اور انہیں 30 ملین روپئے سے زائد رقم سے محروم رکھا گیا ہے۔ وزارت داخلہ کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ پاکستان نے انتہا پسندوں کے خلاف سخت کارروائی یقینی بنائی اور نہ صرف ان کے بینک کھاتے منجمد کئے گئے بلکہ ان کے شناختی کارڈس کو بھی منسوخ کردیا گیا اور مختلف کارروائیوں کے ذریعہ انہیں نشانہ بنایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پشاور اسکول حملے کے بعد جس میں 150 سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے جن میں طلبہ کی اکثریت تھی ، حکومت نے 20 نکاتی نیشنل ایکشن پلان تیار کیا ہے۔ اس پروگرام کا چھٹا نکتہ یہ ہے کہ دہشت گردوں اور ان کی تنظیموں کو مالیہ فراہم کرنے کے راستے بند کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی طرح کی غیریقینی رقمی لین دین اور سرمایہ کے بہاؤ کو روکنے کیلئے مزید سخت اقدامات کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضرب عضب آپریشن میں کئی دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا ہے۔