پاکستان میں 4 دہشت گرد ہلاک، 2فوجی ہلاک

اسلام آباد، 27 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان میں بلوچستان صوبہ کے ضلع قلات میں سیکورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان مڈبھیڑ میں چار دہشت گرد مارے گئے جبکہ مہم کے دوران دو فوجی ہلاک ہو گئے ۔پاکستانی اخبار ‘ڈان’ کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ضلع قلات میں دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر کارروائی کی گئی۔آئی ایس پی آر کے مطابق قلات میں منگھوچر کے علاقے میں دہشت گردوں سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا جہاں دو سپاہی زخمی بھی ہوئے ۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا تھا کہ مارے جانے والے اہلکاروں کی شناخت سپاہی وارث سبحان اور سپاہی میر عالم کے نام سے ہوئی ہے ۔بیان میں کہا گیا ہے کہ فوج کو اطلاع ملی تھی کہ دہشت گرد صوبے میں دہشت گردی کی بڑی کارروائیوں کی منصوبہ بندی کررہے ہیں۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران 2 خود کش جیکٹس کے علاوہ بھاری تعداد میں بارودی مواد، اسلحہ اور دیگر اشیاء برآمد ہوئی ہے ۔