پاکستان میں 25 جولائی کو عام انتخابات ‘ بینکنگ عملہ فرائض انجام دیگا

اسلام آباد 14 جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ 25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات میں سینکڑوں بینک اہلکار انتخابی ڈیوٹی انجام دینگے کیونکہ ان فرائض کی انجام دہی کیلئے عملہ کی قلت ہے ۔ میڈیا رپورٹس میں یہ بات بتائی گئی ۔ماضی میں اکثر اسکولس و کالجس کا تدریسی عملہ انتخابی ڈیوٹی انجام دیا کرتا تھا ۔ کہا گیا ہے کہ بینکرس کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ الیکشن کمیشن پاکستان نے کیا ہے اور اس سے اسٹیٹ بینک کو واقف کروادیا گیا ہے ۔ اسٹیٹ بینک نے تمام شیڈولڈ بینکوں کو اس سلسلہ میں ہدایت نامہ بھی جاری کردیا ہے تاکہ ان کے ملازمین کو 25 جولائی کے عام انتخابات کیلئے ٹریننگ دی جاسکے ۔ ایک عہدیدار نے بتایا کہ یہ عمل صوبہ سندھ میں پہلے ہی شروع کردیا گیا ہے اور بینکرس کو انتہائی مختصر وقت میں ٹریننگ دیدی جائیگی ۔ عہدیداروں کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ پاکستان کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ بینکرس سے کہا گیا ہے کہ وہ پولنگ کے دن انتخابی ڈیوٹی انجام دیں۔ پاکستان الیکشن کمیشن کا اندازہ ہے کہ انتخابی عمل کیلئے جملہ 735,000 والینٹرس کی ضرورت ہوگی ۔ کمیشن نے کہا کہ صرف اچھے طرز عمل کے حامل کوئی سیاسی وابستگی نہ رکھنے والے اہلکاروں کی خدمات حاصل کی جا رہی ہیں۔