پاکستان میں ہندوستانی ڈپٹی ہائی کمشنر کی طلبی

اسلام آباد 11 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان نے ہندوستانی فورسیس کی طرف سے لائن آف کنٹرول پر جنگ بندی کی بلا اشتعال خلاف ورزی اور فائرنگ کے نتیجہ میں اپنے ایک دیہاتی کی موت پر اظہار احتجاج کے لئے ہندوستان کے کارگذار ڈپٹی ہائی کمشنر کو طلب کیا۔ ڈائرکٹر جنرل (جنوبی ایشیاء و سارک) محمد فیصل نے جو وزارت خارجہ کے ترجمان بھی ہیں، ہندوستانی سفارت کار کو اپنے دفتر طلب کیا اور 10 ستمبر کو لائن آف کنٹرول پر ہندوستانی فوج کی طرف سے کی گئی جنگ بندی کی خلاف ورزی پر احتجاج کیا۔ کھنجار سیکٹر پر لائن آف کنٹرول کے اُس پار سے پیر کو کی گئی فائرنگ کے نتیجہ میں ایک پاکستانی شہری ہلاک ہوگیا تھا۔ دفتر خارجہ نے الزام عائد کیاکہ ہندوستانی فورسیس رواں سال کے دوران تاحال لائن آف کنٹرول اور کارکرد سرحد پر 2,050 مرتبہ جنگ بندی کی خلاف ورزی کئے ہیں جس کے نتیجہ میں کم سے کم 33 بے قصور سویلین فوت اور دیگر 122 زخمی ہوئے ہیں۔ پاکستانی دفتر خارجہ نے کہاکہ جنگ بندی کی خلاف ورزی کے ہندوستان کی طرف سے ارتکاب میں ہولناک اضافہ ہوا ہے جس کی ماضی میں کوئی نظیر نہیں ملتی۔ پاکستانی دفتر خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ 2017 ء میں ہندوستانی فورسیس نے 1970 مرتبہ جنگ بندی کی خلاف ورزی کی تھی۔ فیصل محمد نے ہندوستان سے 2003 کے سمجھوتہ کی پابندی کرنے پر زور دیا۔